میامی(رپورٹنگ آن لائن) فٹبال سپر اسٹار لیونل میسی نے امریکی کلب انٹر میامی کے ساتھ اپنے معاہدے میں توسیع کر دی ہے۔
امریکی کلب انٹر میامی نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر پیغام میں کہا کہ میسی میامی کے ساتھ بطور کھلاڑی کھیلنا جاری رکھیں گے اور اس معاہدے کے تحت میسی اب مزید تین برس تک انٹر میامی کے لیے کھیلیں گے۔کلب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ میسی کا تجربہ اور قیادت ٹیم کے لیے قیمتی اثاثہ ہیں اور ان کی موجودگی نے فٹبال کے شائقین میں ایم ایل ایس کی مقبولیت میں نمایاں اضافہ کیا ہے۔
میسی نے کہا کہ وہ انٹر میامی کے ساتھ اپنے سفر کو جاری رکھنے پر خوش ہیں اور ٹیم کو مزید کامیابیاں دلانے کے لیے پُرعزم ہیں۔میسی نے 2023 میں ایم ایل ایس کلب میں شمولیت اختیار کی تھی اور اب اس توسیع کے ساتھ وہ 2026 فیفا ورلڈ کپ کے دوران اور بعد میں بھی ان مقابلوں میں شریک ہونگے جو امریکہ، کینیڈا اور میکسیکو میں منعقد ہونگے۔









