میجر (ر) راجہ نادر پرویز

میری کوئی آف شور کمپنی ہے نہ ہی کبھی بیرون ملک کوئی کاروبار کیا،میجر (ر) راجہ نادر پرویز

اسلام آ باد (رپورٹنگ آن لائن) سابق وفاقی وزیر میجر (ر) راجہ نادر پرویز نے کہا ہے کہ ان کی کوئی آف شور کمپنی نہیں ہے نہ ہی کبھی بیرون ملک کوئی کاروبار کیا۔ میرے نام پر جو بھی جائیداد ہے وہ میرے والد صاحب کی طرف سے دی گئی ہے اور جب بھی میں نے الیکشن لڑا ہے وہ میں نے ڈیکلیئر کی ہیں۔

میڈیا نے انتہائی غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا۔ ایک تو غلط بیانی کی گئی اور میری عزت کو اچھالا گیا اور دوسری بات کہ میں نے ملکی دفاع کے لئے ازلی دشمن بھارت کیخلاف تین جنگوں رن آف کچھ ، 1965اور 1971 میں حصہ لیا ۔1971 جنگ میں مشرقی پاکستان میں پاکستان کے لئے جنگ لڑی اور قیدی بنا۔

وہاں سے عزت کیساتھ سرنگ کھود کر پاکستان آیا ۔ انہوںنے کہا میں نے جس دشمن کیساتھ تین جنگیں لڑیں اس کے ساتھ بھلاکیوں کاروبار کروں گا انہوں نے اس بات پر بھی حیرانگی کا اظہار کیا کہ میں فوج سے میجر کے طور پر ریٹائرڈ ہوا اور مجھے نام نہاد طریقے سے میڈیا نے کرنل بنا دیا۔

اپنے ایک بیان میں راجہ نادر پرویز نے کہا کہ میں نے پانچ الیکشن لڑے اور دو ہزار تین میں مشرف دور حکومت میں ن لیگ کا ایم این اے تھا ، چار مختلف محکموں جس میں مواصلات ‘ پانی و بجلی شامل تھے ان کا وفاقی وزیر رہا ایک روپے کی کرپشن کا نہ کوئی الزام لگا نہ زندگی میں کوئی غلط کام کیا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے اس بات پر بھی حیرانگی ہوئی ہے کہ میں نے جس ملک کے خلاف پاکستان کے لئے جنگ لڑی میں اس ملک میں جا کر کاروباری کرونگا۔ پینڈورا پیپرز میں میرا کوئی ذکر نہیں ہے اور نہ ہی میں نے کوئی آف شور کمپنی بنائی۔

انہوں نے کہا کہ میڈیا نے مجھ سے تصدیق کئے بغیر نہ صرف مجھے بدنام کیا بلکہ میری تصاویر بھی لگائی گئیں ہوسکتا ہے کہ کوئی میرا ہم نام ہو میں وکلاءسے مشورہ کررہا ہوں اور جنہوں نے میری عزت کو اچھالا ہے۔ انہوںنے کہا میں غلط خبریں شائع کرنے والوں کیخلاف قانونی چارہ جوئی کا حق رکھتا ہوں ان کو قانونی نوٹس دینے کا بھی جلد فیصلہ کرونگا۔