لاہور(رپورٹنگ آن لائن)میاں رضاالرحمان کو لاہورچیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے ایجوکیشن کے چیئرمین نامزدکردیاگیا۔لاہورچیمبر کے صدرمیاں مصباح الرحمان نے میاں رضاالرحمان کو تقرر نامہ پیش کیا۔ سرونگ سکولز چیمبر کے اشتراک سے نجی تعلیمی اداروں اور حکومت کے مابین رابطہ کار کا کردارادا کرے گا۔اس موقع پرگفتگوکرتے ہوئے لاہورچیمبر کے صدرمیاں مصباح الرحمان نے کہا کہ تعلیمی شعبے کو درپیش مسائل کے حل کیلئے مکمل تعاون کرینگےتعلیم کے فروغ کے بغیر کوئی ملک اور معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا، کرونا کے باعث نجی تعلیمی اداروں کودرپیش معاشی مسائل کا ادراک ہےانہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت شعبہ تعلیم کیلئے خصوصی پیکج کا اعلان کرے۔انہوں نے کہا کہ توقع کرتا ہوں کہ نو منتخب چئیرمین اپنی پوری توانائی لگا کر اپنا تجربہ استعمال کرتے ہوئے پرائیویٹ ایجوکیشن سیکٹر کو بحرانوں سے نکالیں گے۔
اسٹینڈ نگ کمیٹی کے نامزد چیئرمین اور سرونگ سکولز و کالجز ایسوسی ایشن کے صدرمیاں رضاالرحمان نے اس موقع پربھر پور عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ لاہور چیمبر کے باہمی تعاون سے تعلیمی اداروں کے مسائل کا حل میری اولین ترجیح ہے۔فروغ تعلیم سے ہی ملک کی ترقی و خوشحالی ممکن بنائی جاسکتی ہے۔نجی تعلیمی اداروں کو معاشی بحران سے نکالنے کیلئے لاہورچیمبر کے پلیٹ فارم سے تمام ممکنہ کوششوں کو بروئے کار لایا جائے گا۔میاں رضاالرحمان کا کہنا تھا کہ وہ بطورچیئرمین ا سٹینڈنگ کمیٹی نامزدگی پر لاہورچیمبر کے صدرمیاں مصباح الرحمان کے تہہ دل سے مشکور ہیں۔ چیمبر کے تعاون سے ایجوکیشن کی بہتری کےلئے تعلیم کو درپیش مسائل کے حل کےلئے دن رات کام کروں گا۔