لاہور (رپورٹنگ آن لائن) امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ ملک کے موجودہ معاشی و سماجی حالات نے عوام کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے،مہنگائی، بے روزگاری اور لاقانونیت کے بڑھتے ہوئے رجحانات نے عام آدمی کی زندگی اجیرن بنا دی ہے اور لوگ مایوسی کے اندھیروں میں دھکیلے جا رہے ہیں،اشیائے ضروریہ کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں جبکہ عوام کی آمدن میں کوئی خاطر خواہ اضافہ نہیں ہوا، غریب اور متوسط طبقہ سب سے زیادہ متاثر ہو رہا ہے اور کئی خاندان ایسے ہیں جنہیں دو وقت کی روٹی کا حصول بھی مشکل ہو چکا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔محمد جاوید قصوری نے حکمرانوں کے شاہانہ اخراجات کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ایک طرف عوام بنیادی ضروریات سے محروم ہیں جبکہ دوسری جانب حکمران طبقہ اللے تللے اور پروٹوکول میں مصروف ہے۔ حکومتی اخراجات میں کمی لا کر عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکتا ہے، مگر اس حوالے سے کوئی سنجیدہ اقدامات نظر نہیں آ رہے۔ حکومت کی جانب سے پٹرول کی قیمتوں میں معمولی کمی ایک نمائشی اقدام ہے جس سے عوام کو کوئی حقیقی ریلیف نہیں ملا۔انہوں نے مزید کہا کہ بے روزگاری کی شرح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جس کی وجہ سے نوجوان طبقہ شدید پریشانی کا شکار ہے۔
تعلیم یافتہ نوجوان نوکریوں کے لیے در بدر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں جبکہ حکومت کے پاس روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے کوئی ٹھوس منصوبہ بندی موجود نہیں۔امیر جماعت اسلامی پنجاب نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر مہنگائی پر قابو پانے، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور عوام کو ریلیف دینے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرے۔جب تک عوام کو بنیادی سہولیات فراہم نہیں کی جاتیں، اس وقت تک ترقی کے تمام دعوے بے معنی ہیں۔ محمد جاوید قصوری نے کہا کہ جماعت اسلامی عوام کے حقوق کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کرتی رہے گی۔









