مسرت جمشید چیمہ 41

موسم کی شدت کے پیش نظر سروے ،متاثرین کی بحالی کے عمل میں تیزی لائی جائے’ مسرت جمشید چیمہ

لاہور( رپورٹنگ آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں سروے اور متاثرین کی بحالی کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات سے قوم کو آگاہ رکھا جانا چاہیے تاکہ کمی کوتاہیوںکی بروقت نشاندہی ہوسکے ،موسم کی شدت کے پیش نظر سروے اور متاثرین کی بحالی کے عمل میں مزید تیزی لانے کی ضرورت ہے ۔

اپنے بیان میں مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ متاثرہ علاقوں کے کتنے حصے کا سروے مکمل ہو چکا ہے ، یہاں نقصانات کی کیا صورتحال ہے اس بارے میں اعدادوشمار شائع کئے جائیں ، موسم کی شدت جس طرح بڑھ رہی ہے حکومت کو سروے مکمل ہونے کا انتظار کرنے کی بجائے جہاں سروے مکمل ہو چکا ہے وہاں امدادکی فراہمی اور بحالی کے لئے سر گرمیوں کا فوری آغاز کر دینا چاہیے ۔

مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ حکومت کسانوں پر خصوصی توجہ دے ، جن کسانوں کی زمینیں دریا برد ہو گئی ہیں ان کے لئے دستاویزات کی لازمی شرط میں نرمی کی جائے اور انہیں متبادل اراضی اور اسے کاشت کرنے کے لئے وسائل مہیا کئے جائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں