اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت خاص طور پر نوجوانوں کی حالت زار کو بہتر بنانے اور انہیں ہنر مند بنانے پر توجہ دے رہی ہے،نوجوان طلبا و طالبات ہی ہمارے مستقبل کا ضامن ہیں، استاد ہی معاشرے میں انسانوں کی قسمت بدلنے میں بنیادی کردار ادا کرسکتے ہیں، جدید دنیا میں ترقی کے لیے خاص طور پر انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں مہارت حاصل کرنا ضروری ہے،
ہفتہ کو نمل یونیورسٹی کے 16ویں کانوکیشن کی مناسبت سے منعقدہ تقریب کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ میں نے اپنی زندگی کے 14سال ایجوکیشن کے ساتھ گزارے،انہوں نے کہا کہ استاد ہی معاشرے میں انسانوں کی قسمت بدلنے میں بنیادی کردار ادا کرسکتے ہیں، میرے والد کی خواہش تھی کی میں استاد بنوں اور میری بنیادی خواہش تھی کی میں سیاستدان بنوں،انہوں نے کہا کہ قوموں کے مستقبل سنوارنے میں استاد کی شخصیت اولین کردار ادا کر سکتی ہے، انسان کی زندگی کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے میں اس کا وژن بنیادی اہمیت کا حامل ہے،
اسد قیصر نے کہا کہ بڑا ٹارگٹ ہی انسان کو کامیابیوں کے زینے چڑھانے میں مدد گار ہوتا ہے، انسان کی زندگی کا مقصد یہ ہونا چاہیے کہ وہ ملک اور قوم کے لیے کچھ کر گزرے، ہمارے نوجوانوں نے کل کو قائد اعظم، علامہ اقبال اور ڈاکٹر عبد القدیر خان بننا ہے، نوجوان طلبا و طالبات ہی ہمارے مستقبل کا ضامن ہیں، جو قومیں اپنے مشن کو حاصل کرنے کے لیے اپنا آج کا کام کل پر نہیں چھوڑتی وہ کبھی ناکام نہیں ہوتی ہیں،انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک کو اللہ تعالی نے بے پناہ نعمتوں سے مالا مال کیا ہے ان نعمتوں سے استفادہ حاصل کر کے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے اور ملک کو سماجی و اقتصادی ترقی پر گامزن کرنے کے لیے ہمارے نوجوان بھرپور صلاحیتیں رکھتے ہیں،
اسد قیصر نے کہا کہ ہمارے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کی بدولت دنیا بھر میں عزت اور وقار حاصل ہے، پاکستانی نوجوانوں کی مختلف شعبوں میں کامیابیاں قابل ستائش ہیں،اسپیکر نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو عالمی معیار کے کامیاب اور چیمپئن بننے کے لیے صرف رہنمائی اور حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے، پاکستانی خواتین باصلاحیت ہیں اور انہوں نے خود کو قابل تقلید ماڈل ثابت کیا ہے،انہوں نے کہا کہ اسلام سب کے لیے تعلیم کے حصول پر زور دیتا ہے، ہمارے نوجوانوں کو تعلیم دینے میں یونیورسٹیوں کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے،
اسد قیصر نے کہا کہ موجودہ حکومت خاص طور پر نوجوانوں کی حالت زار کو بہتر بنانے اور انہیں ہنر مند بنانے پر توجہ دے رہی ہے، قوم کی تقدیر بدلنے کے لیے محنت اور مستقل مزاجی کی عادت ناگزیر ہے،اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ ڈگریاں حاصل کرنے کے بعد اب کامیاب طلبا پر منحصر ہے کہ وہ ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے عملی طور پر اپنا کردار ادا کریں،انہوں نے کہا کہ بدلتی ہوئی ٹیکنالوجیز کا دور ہے اور جدید دنیا میں ترقی کے لیے خاص طور پر انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں مہارت حاصل کرنا ضروری ہے۔