اسلام آ باد(رپورٹنگ آن لائن ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر نے کہا ہے کہ ایک سازش کے تحت اس حکومت کو ہم پر مسلط کیا گیا اور اب یہ بے ہنگم طریقے سے قومی خزانے کو لوٹنے جارہے ہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ یہ لوگ اقتدار کی خاطر آئے ہیں اور اقتدار کی حوس میں انہوں نے پاکستان کی معیشت کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت مہنگائی کے بیانیے پر آئی تھی اور اب خود مہنگائی کررہی ہے۔
حماد اظہر نے کہا کہ حکومت سب کرنا چاہتی ہے لیکن یہ انتخابات نہیں کرانا چاہتی ہے لیکن اب وہ وقت دور نہیں کہ جب یہ خود انتخابات کروانے کے لئے مجبور ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ زور زبردستی سے گلو بٹو کو ایوانوں میں گھسا کر تماشا لگایا گیا لیکن اب ایوان بے معنی ہو چکے ہیں اب لوگ یہ قوم سڑکوں پر نکل آئے ہیں۔
اس موقع پر حماد اظہر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے عام آدمی کو جلسے کی دعوت دی ہے اور لاہور میں ہونے والا جلسہ سارے پچھلے جلسوں کے ریکارڈ توڑ دے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام سے پوچھا کہ آپ کو غلامی چاہیے یا آزادی تو انہوں نے ہم سے آزادی کی ڈیمانڈ کی ہے اوعر ہمارے مشکل وقت میں ہمارے ساتھ کھڑی ہے۔