ہمایوں اختر خان

موجودہ حالات میں عمران خان ہی واحد آپشن ،2023ءکے بعدبھی یہی تسلسل رہے گا‘ ہمایوں اختر خان

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں ملک کےلئے وزیر اعظم عمران خان ہی واحد آپشن ہیں اور انشا اللہ 2023ءکے عام انتخابات کے بعدبھی یہی تسلسل رہے گا ،حکومت کے اتحادی روٹھ بھی جاتے ہیں اور مان بھی جاتے ہیں اس لئے اپوزیشن بغلیں بجا بجا کرہلکان نہ ہو ،

موجودہ حکومت نے 80فیصد قرضہ مسلم لیگ (ن) کے دور کے مہنگے قرضے اتارنے کےلئے لیا ہے اور اعدادوشمار پر کوئی بھی لیگی رہنما جب چاہے مناظرہ کرلے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے پارٹی رہنماﺅں کے وفد سے ملاقات اور میڈیا نمائندوں سے ویڈیو لنک کے ذریعے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

ہمایوں اختر خان نے کہا کہ ہم بالکل میثاق معیشت کے حق میں ںہیں لیکن اپوزیشن پہلے بتائے جس طرح میثاق جمہوریت کو اپنے مفاد کےلئے استعمال کیا گیا میثاق معیشت کابھی اسی طرح استعمال ہوگا ؟، میرے لئے خیال میں اپوزیشن میثاق معیشت کی جانب سے کوئی پیشرفت نہیں کرے گی کیونکہ ہماری جانب سے ملک و قوم کے مفاد کو ترجیح دی جائے گی جس پر یہ کبھی رضا مند نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن بتا دے ان کے پاس کیا فارمولہ ہے کہ نئے انتخابات کے بعد جسے کورونا وائرس سے نمٹنے اور معیشت کو پاﺅں پر کھڑا کرنے کےلئے آزمائے گی ۔

اپوزیشن کے پاس ملک و قوم کےلئے کوئی ایجنڈا نہیں بلکہ اپنی سیاست چمکانے کے لئے بیان بازی کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے غیر معمولی فیصلوں اور اقدامات سے ثابت کیا ہے کہ موجودہ حالات میں ان کے سوا کوئی اور آپشن نہیں اور انشا اللہ 2023ءکے عام انتخابات کے بعد یہی تسلسل رہے گا اور تب تک اپوزیشن کی سیاست کی سیاسی طور پر کئی برسیاں گزر چکی ہوں گی ۔

ہمایوں اختر خان نے کہا کہ اتحادیوںمیں فاصلے پیدا بھی ہوتے ہیں اور تحفظات دور ہونے پر یہ فاصلے سمٹ بھی جاتے ہیں اس لئے اپوزیشن بغلیں بجابجا کر ہلکان ہو کر اپنی سبکی کا سامان نہ کرے۔