محمد الفرید ظفر 93

منہ چہرہ اور جبڑے کے فر یکچر کے علاج کے لیے جنرل ہسپتال میں سہولت کی فراہمی

لاہور(زاہد انجم سے) پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد الفرید ظفر نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہیلتھ سیکٹر ڈویلپمنٹ پالیسی پر عملدرآمد کرتے ہوئے لاہور جنرل ہسپتال میں شعبہ ”اورل اینڈ میکسیلو فشل” میں مریضوں کا علاج شروع کر دیا گیا۔

اس نئے شعبے کے آغاز سے ایل جی ایچ میں چہرے کے کینسر اور بناؤٹی نقائص کے علاج معالجہ کی بڑی اور جدید سہولت دستیاب ہو گی۔ ہسپتال میں حادثات کے زخمیوں کو ایمرجنسی میں لایا جا تا ہے جہاں قبل ازیں ٹوٹے جبڑے اور چہرے کی ہڈیوں کے علاج کے لئے دیگر ٹیچنگ ہسپتالوں میں ریفر کیا جاتا تھا تاہم اب مذکورہ مریضوں کو اس مشکل سے نجات مل گئی ہے اور ٹوٹے جبڑوں کی سرجری جنرل ہسپتال میں ہی ممکن ہو گئی ہے۔

 اس امر کا اعلان پروفیسر الفرید ظفر نے نئے قائم ہونے والے شعبے کی افتتاحی تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ایم ایس ڈاکٹر فریاد حسین، پروفیسر ارغمان اسرار مرزا، ڈاکٹر محمد الیاس، ڈاکٹر عامر ایوب، ڈاکٹر عبدالعزیز و ہیلتھ پروفیشنلز بھی موجود تھے۔  ہیڈ آف دی ڈیپارٹمنٹ پروفیسر ارمغان اسرار مرزا نے بتایا کہ 20بستروں پر مشتمل وارڈقائم کی گئی ہے جبکہ ہفتے میں دو دن پیر اور جمعرات آؤٹ ڈور میں مریضوں کو طبی معائنہ و علاج کی سہولیات دستیاب ہوگی۔

پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ یہ امر خو ش آئند ہے کہ جنرل ہسپتال میں گزشتہ چند سالوں کے دوران مختلف شعبوں میں بہت ترقی کی ہے اور مریضوں کو علاج معالجے کی جدید سہولیات میسر آئی ہیں جو ہمارے ہیلتھ پروفیشنلز کی کاوشوں اور پیشہ وارانہ لگن کا عکاس ہے۔

پرنسپل کا کہنا تھا کہ” اورل اینڈ میکسیلو فشل” کے قیام میں صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی سرپرستی حاصل رہی ہے جن کی بدولت یہ اہم منصوبہ پایہ تکمیل تک پہنچا ہے اور مریضوں کیلئے ایک نئی سہولت کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ جنرل ہسپتال کے علاوہ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز کے مریض بھی اس سہولت سے مستفید ہو سکیں گے اور شہریوں کو سہولتوں کے حوالے سے بھی ضروری مدد ممکن ہو جائے گی۔

پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق ہیلتھ سیکٹر کی ڈویلپمنٹ اولین ترجیح ہے اور جنرل ہسپتال انہیں خطوط پر استوار کر کے تمام شہریوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کر رہا ہے جبکہ منہ، چہرے اور ٹوٹے جبڑوں کے آپریشن کی سہولت فراہم کرنے کا اعزاز بھی حاصل ہو گیا ہے۔ جس کے شہریوں کی صحت پر دور رس اثرات مرتب ہوں گے۔

ایم ایس ڈاکٹر فریاد حسین نے پروفیسر ارغمان اسرار مرزا کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں، مہارتوں اور میڈیکل ایجوکیشن کی خدمات کو مد نظر رکھتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ پی جی ایم آئی و امیر الدین میڈیکل کالج کے سٹوڈنٹس کو (اورل اینڈ میکسیلو فشل)کی سرجری کے حوالے سے تعلیم و تربیت میں بھی اہم کردار ادا کریں گے۔ 

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں