کراچی (ر پورٹنگ آن لائن ) پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی مشہور اداکارہ ارمینا خان نے کہا ہے کہ منفی کردار کا انتخاب اس لیے کیا تاکہ کچھ نیا کرنے کو ملے اچھی اور پیاری لڑکی کا کردار تو کوئی بھی کر سکتا ہے۔شوبز انڈسٹری میں بہت کم فنکارائیں ایسی ہوںگی جن کی عمدہ پرفارمنس سے ان کو ناصرف پاکستان بلکہ عالمی سطح پر شہرت ملی۔ ان میں اداکارہ ارمینا رانا خان کا نام بھی شامل ہے۔ 30 مارچ 1987ء کو ٹورنٹو میں جنم لینے والی اس فنکارہ نے ابتدائی تعلیم وہیں حاصل کرنے کے بعد مانچسٹر سے بزنس ایڈمنسٹریشن میں گریجویشن کی۔انہوں نے مانچسٹر سے ہی ماڈلنگ کا آغاز فیشن شو میں کیٹ واک سے کیا۔
ملکی اور بین الاقوامی فیشن میگزینز کے شوٹز اور ماڈلنگ نے شہرت میں اضافہ کیا۔ 2016ء میں ایشیا بھر کی 50 پرکشش خواتین میں ان کا نام بھی شامل تھا۔2013ء میں بالی ووڈ فلم ”اٹز ٹو مچ” سے فلمی کیریئر کا آغازکیا۔ قبل ازیں برطانوی انگریزی فلم ”Unforgettable” میں مہمان اداکارہ کے طور پر جلوہ گر ہو چکی تھیں۔عمدہ کردار نگاری پر ملکی سطح پر ہی نہیں بین الاقوامی سطح پر بھی متعدد ایوارڈز اور اعزازات پا چکی ہیں۔ان کی دو بہنیں ہیں، وہ 2020ء کے دوران لندن میں فیصل نامی شخص سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہو چکی ہیں۔