وزیر اعظم

منصوبہ بندی کے مطابق چلنے سے ملک ترقی کرتا ہے، وزیر اعظم

اسلام آ باد (رپورٹنگ آن لائن ) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک طویل المدتی منصوبوں سے بنتے ہیں،منصوبہ بندی کے مطابق چلنے سے ملک ترقی کرتا ہے،

مراد سعید کی وزارت نے پاکستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے، سارے ترقی پذیر ممالک کا یہ مسئلہ ہے کہ ایک دو علاقوں پر زیادہ منصوبے بنائے جاتے ہیں باقی ممالک پیچھے رہ جاتے ہیں، 1960 میں پاکستان کی طویل دورانیہ منصوبہ بندی تھی۔

بدھ کو اسلام آباد میں ہکلہ،ڈیرہ اسماعیل خان موٹروے کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان نے وزیر مواصلات مراد سعید کی کارکردگی کو سرا ہا اور کہا کہ ہکلہ، ڈیرہ اسماعیل خان موٹر وے منصوبے پر نیشنل ہائی وے اتھارٹی(این ایچ اے) کی ٹیم اور مراد سعید کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ ٹاپ 3 وزارتوں میں مراد سعید کی وزارت نے زبردست کام کیا۔ ملک طویل مدتی منصوبوں سے بنتے ہیں، چین نے 30 سال کا پلان ترتیب دیا ہوا ہے، ملک میں پہلے بھی بڑی سڑکیں بن سکتی تھیں، اگر پیسہ چوری نہ ہوتا۔ وزیراعظم نے کہا کہ این ایچ اے نے قبضے کی زمینوں کو واپس حاصل کیا اور تجاوزات ختم کرائے۔ طویل منصوبہ بندی نہ کرنے سے تھوڑے علاقے آگے بڑھ جاتے ہیں، مگر ایسا نہ ہوسکا، ہمیں بڑے منصوبوں پر کام کرنا ہے۔

اس موقع پر ہیلتھ کارڈز کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مارچ تک پنجاب کے ہر خاندان کو ہیلتھ کارڈ فراہم کرینگے، ہرخاندان کے پاس 10لاکھ روپے کی ہیلتھ انشورنس ہوگی، ہیلتھ کارڈ سے ہیلتھ کا پورا سسٹم بن جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ اسپتال خالی پڑے ہیں،لوگ علاج سے محروم ہیں، سڑکیں نہ ہونے کے باعث دور دراز کے علاقوں میں ڈاکٹرز ڈیوٹی کے لیے جاتے ہی نہیں۔