اسد قیصر

ملک کی تعمیر و ترقی کیلئے جمہوری اداروں کا استحکام ناگزیر ہے، اسد قیصر

اسلام آباد (ر پورٹنگ آن لائن) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ ملک کی تعمیر و ترقی کیلئے جمہوری اداروں کا استحکام ناگزیر ہے۔عالمی یوم جمہوریت کے موقع پر اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے اپنے بیان میں کہاکہ ملک کی تعمیر و ترقی کے لیے جمہوری اداروں کا استحکام ناگزیر ہے۔

اسد قیصر نے کہاکہ جمہوریت آزادیِ رائے کے اظہار سمیت تمام بنیادی حقوق کی فراہمی کی ضمانت دیتی ہے۔ انہوںنے کہاکہ امن کا قیام، انسانی حقوق کی فراہمی اور ملک کی ترقی جمہوریت سے وابستہ ہے۔ انہوںنے کہاکہ جمہوری نظام کے ذریعے عوام ملک کے اقتصادی اور سیاسی نظام میں حصہ لے سکتے ہیں۔

انہوںنے کہاکہ جمہوریت میں ملک کی خاطر سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر باہمی مشاورت سے فیصلے کیے جاتے ہیں، سیاسی جماعتوں کو قومی مفادات کی خاطر اپنے سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر سوچنے کی ضرورت ہے ۔انہوںنے کہاکہ عوامی مسائل کو حل کرنے کے لیے عوامی نمائندوں کو اجتماعی سوچ اپنانا ہو گی، جمہوریت کا حسن ہے کہ ملک کو درپیش مسائل کا حل باہمی گفت وشنید اور بات چیت سے نکالا جائے۔

انہوںنے کہاکہ ہمارا مذہب بھی باہمی مشاورت کی ضرورت پر زور دیتا ہے، جمہوری اقدار کو فروغ دے کر ملک کو ایک ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا کر سکتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ بھارت جو دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہونے کا دعویٰدار ہے نے اپنے ہی شہریوں کے حقوق صلب کر رکھے ہیں، گزشتہ 72سالوں سے بھارت کشمیر عوام کو ان کا حق خودارادیت دینے سے انکاری ہے۔

انہوںنے کہاکہ جس کا وعدہ کشمیری عوام سے اقوام متحدہ کے سلامتی کونسل کی قراردادوں کے تحت کیا گیا تھا، گزشتہ ایک سال سے زیادہ عرصے سے بھارت کی فاشسٹ حکومت نے مقبوضہ وادی میں گورنر راج نافذ کر رکھا ہے، بھارت نے گورنر راج کے ذریعے مقبوضہ کشمیر میں فوجی محاصرہ کر رکھا ہے۔

انہوںنے کہاکہ مقبوضہ جموں کشمیر کے عوام تمام جمہوری اور بنیادی حقوق محروم ہیں، جمہوریت پسند اقوام کو کشمیری عوام کو ان کا حق خودارادیت دلانے میں کردار دار کرنے ضرورت ہے۔ قاسم خان نے کہاکہ جمہوریت عام آدمی کو ملکی معاملات میں حصہ شرکت کا موقع فراہم کرتی ہے، ملک کی ترقی اور سلامتی جمہوریت کے مضبوطی اور تسلسل جمہوری اداروں کے استحکام سے منسلک ہے۔

ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے کہاکہ پاکستان میں جمہوریت کے تسلسل سے ملک مضبوط ہو رہا ہے، تمام سیاسی جماعتیں ملک کو درپیش چیلینجز سے نمٹنے کے لیے اپنا کردار ادا کر رہی ہیں، ماضی میں جمہوریت کا بار بار تسلسل ٹوٹنے کی وجہ ملکی ادارے کمزور ہوئے۔

ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے کہاکہ جمہوریت کے تسلسل سے ادارے مضبوط ہونگے اور ملک آگے بڑھے گا۔ انہوںنے کہاکہ اقوام متحدہ کو کشمیری عوام کو ان کا بنیادی جمہوری حق دلانے کے لیے سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد کرانے کی ضرورت ہے۔