اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) پاکستان مسلم لگ (ن )کے رہنما و سابق وزیراعظم شاہدخاقان عباسی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی اکاونٹس میں غبن سامنے آیا، پی ٹی آئی نے 26 اکاونٹس میں سے 4 ڈکلئیر کئے، الیکشن کمیشن رپورٹ کے مطابق ملک کا وزیراعظم بیرون ملک کمپنیاں چلاتا اور پیسے اکٹھے کرتا ہے۔
منگل کو اھتساب عدالت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہدخاقان عباسی نے کہا کہ مری میں ہونے والی اموات کی کوئی ذمے داری لینے کے لئے تیار نہیں، سیاحوں کی گاڑیوں کو چیک کر لیا جاتا تو یہ اموات نہ ہوتیں۔ انہوں نے کہا کہ سابق چیف جسٹس نے عدالتی فیصلوں میں صادق اور امین کے لقب بانٹے، صدر، وزیراعظم اور وزرا بیرون ملک کمپنیاں چلا رہے ہیں، 7 سال میں ایک بینک اسٹیٹمنٹ الیکشن کمیشن میں جمع نہیں کرائی گئی۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ صادق اور امین وہ ہوتا ہے جو بیرون ملک کمپنیاں نہ چلائے، سینیٹ، قومی اسمبلی میں عوام پر مزید ٹیکس لگانے کی تجاویز موجود ہیں، حکومت بتانے سے قاصر ہے کہ آئی ایم ایف سے کیا وعدے کیے، نیب کیس بنائے اور عدالتوں کی کارروائی عوام کو دکھائے تاکہ پتا چلے کہ کونسی کرپشن ہوئی ہے، وقت آئے گا جب ہم نیب میں کرپشن سب کو دکھائیں گے۔









