کراچی(رپورٹنگ آن لائن)پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج ملک پر فارم 47 کی جعلی حکومتوں کی وجہ سے مہنگائی کا ایک نہ ختم ہونے والا طوفان چھایا ہوا ہے۔
آٹا، گھی، دالیں، چاول، سبزیاں، پٹرول، گیس اور بجلی سمیت ہر بنیادی ضرورت کی چیز عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہوچکی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی ناقص معاشی پالیسیوں نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ آٹے کی قیمت پچاس کلو تھیلا 7000 روپے سے تجاوز کر چکی ہے، گھی اور خوردنی تیل 700 روپے فی کلو، دالیں 400 روپے سے اوپر، جبکہ سبزیوں اور چاول کی قیمتوں میں روزانہ اضافہ ہو رہا ہے۔ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں آئے روز اضافہ عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کر رہا ہے۔
بجلی اور گیس کے بل عوام کے بس سے باہر ہیں، گھریلو صارفین بل ادا کرنے یا بچوں کی ضروریات پوری کرنے میں مجبورا قربانیاں دے رہے ہیں۔حلیم عادل شیخ نے کہا کہ نصف سے زیادہ آبادی غربت کی لکیر سے نیچے جاچکی ہے، لاکھوں نوجوان بیروزگار ہوچکے ہیں، کاروبار بند اور صنعتیں ٹھپ پڑی ہیں۔ 30 سے زائد بڑی کمپنیاں ملک سے اپنا کاروبار سمیٹ چکی ہیں، مزدور طبقہ فاقہ کشی پر مجبور ہے جبکہ حکمران اپنے اللوں تللوں میں مصروف ہیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے آئی ایم ایف کے دبا پر عوام دشمن فیصلے کیے ہیں، جن سے عام شہری کی زندگی مزید مشکل ہوگئی ہے۔
حلیم عادل شیخ نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر مہنگائی پر قابو پانے، پٹرولیم مصنوعات، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں کمی کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔انہوں نے واضح کیا کہ تحریک انصاف عوام کے حقوق کی جنگ لڑ رہی ہے اور اس معاشی جبر، ناانصافی اور مصنوعی مہنگائی کے خلاف ہر فورم پر آواز بلند کرتی رہے گی۔ عوام اب باشعور ہوچکے ہیں، اور جلد ہی اصل عوامی قیادت عمران خان کی رہنمائی میں اس جعلی حکومت کا خاتمہ کریں گے۔









