پاکستان بیوروبرائے شماریات

ملک میں بڑی صنعتوں کی پیداوارمیں اپریل کے دوران 2.30فیصدکااضافہ ریکارڈ

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)ملک میں بڑی صنعتوں کی پیداوارمیں اپریل کے دوران سالانہ بنیادوں پر2.30فیصدکااضافہ ریکارڈکیاگیاہے۔پاکستان بیوروبرائے شماریات کی جانب سے جاری اعدادوشمارکے مطابق اپریل میں بڑی صنعتوں کی پیداوارکااشاریہ 108.4پوائنٹس ریکارڈکیاگیاہے جوگزشتہ سال اپریل کے 105.9پوائنٹس کے مقابلہ میں 2.30فیصدزیادہ ہے.

مارچ کے مقابلہ میں اپریل میں بڑی صنعتوں کی پیداوارمیں ماہانہ بنیادوں پر 3.2فیصدکی کمی ہوئی، مارچ میں بڑی صنعتوں کی پیداوارکااشاریہ 112پوائنٹس ریکارڈکیاگیاتھا،اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 10ماہ میں بڑی صنعتوں کی پیداوارمیں سالانہ بنیادوں پر1.5فیصدکی کمی ہوئی،مالی سال کے پہلے 10ماہ میں بڑی صنعتوں کی پیداوارکااشاریہ 114.8پوائنٹس ریکارڈکیاگیا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 116.6پوائنٹس کے مقابلہ میں 1.5فیصدکم ہے۔

اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کے دوران ملک میں ٹیکسٹائل شعبہ کی پیداوار میں سالانہ بنیادوں 0.49فیصد،کوئلہ وپیٹرولئیم 0.35فیصد،وئیرنگ ایپرل 0.91فیصد،فارما0.16فیصد،مشروبات 0.05فیصد، آٹوموبائل 0.73فیصداورتمباکوکی پیداوارمیں 0.17فیصدکی نموریکارڈکی گئی، اس کے برعکس خوراک کی پیداوارمیں 0.50فیصد،کیمیکلر0.42فیصد،غیردھاتی معدنیات0.61فیصداورآئرن وسٹیل کی پیداوارمیں 0.47فیصدکی کمی ہوئی۔