اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ ملک دشمن عناصر اپنے ناپاک عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہونگے ۔جاری بیان کے مطابق سپیکرقومی اسمبلی نے جنوبی وزیرستان میں خوارجیوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔
سپیکر سردار ایاز صادق نے خوارجیوں کا مقابلہ کرتے سکیورٹی فورسز کے چار جوانوں کے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا، سپیکر نے نائب صوبیدار طیب شاہ، لانس نائیک گلاب زمان، لانس نائیک مزمل محمود، لانس نائیک حبیب اللہ کو خراج عقیدت پیش کیا۔
سردار ایاز صادق نے شہدا کے اہلخانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار بھی کیا، سپیکر نے کہا کہ شہدا کے اہلخانہ کے غم اور دکھ میں برابر کا شریک ہوں، قوم کے بہادر سپوتوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، ملکی دفاع کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے قوم کے بہادر سپوت ہمارے ہیرو ہیں۔سپکر قومی اسمبلی کا مزیدکہنا تھاکہ ملک دشمن عناصر اپنے ناپاک عزائم میں کبھی بھی کامیاب نہیں ہوں گے، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، سپیکر نے اللہ تعالی سے شہدا کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔