سید یوسف رضا گیلانی

ملکی سالمیت، خود مختاری پرکوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا ،یوسف رضا

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن ) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے افغان فورسز کی جانب سے شہری آبادی پر فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی قرار دیدیا ،چیئرمین سینیٹ نے اپنے بیان میں کہا کہ افغانستان کی جانب سے بلا اشتعال فائرنگ اور جارحیت نہ صرف علاقائی امن و استحکام کے لیے خطرہ ہے بلکہ دو ہمسایہ ممالک کے مابین اعتماد کے ماحول کو بھی نقصان ہورہا ہے.

پاکستان نے ہمیشہ ایک مستحکم، پرامن اور خوشحال افغانستان کی حمایت کی ،یہ موقف آئندہ بھی برقرار رہے گا ، اس موقع پر انہوں نے افواج کے پیشہ ورانہ ردِعمل اور سرحدی خلاف ورزیوں کے مقابلے میں بھرپور دفاعی صلاحیت پر زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ مادرِ وطن کے دفاع کے لیے افواج ہر لمحہ تیار ہیں اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں مسلح افواج ہر قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔چیئرمین سینیٹ نے واضح کیا کہ پوری قوم پاک افواج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑی ہے اور پاکستان کی سالمیت و خودمختاری پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے خبردار کیا کہ پاکستان کے صبر کو کمزوری نہ سمجھا جائے ، سرحدی خلاف ورزیاں ناقابلِ برداشت ہیں اور وطنِ عزیز کے دفاع کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا، ہمیں دفاعی اداروں پر فخر ہے پوری قوم متحد ہو کر وطنِ عزیز کی سلامتی،خودمختاری کے لئے پرعزم ہے ۔