کراچی (رپورٹنگ آن لائن)مقامی کاٹن مارکیٹ میں گزشتہ ہفتے کے دوران روئی کے بھاؤ میں مجموعی طور پر تیزی رہی۔ بدلتے موسمی حالات کی وجہ سے کوالٹی بہتر ہورہی ہے فیلڈ میں کپاس کی بہتر صورت حال ہے۔ آئندہ دنوں میں پھٹی کی رسد بڑھنے اور کوالٹی بھی بہتر سے بہتر ہونے کی توقع ہے اکتوبر سے مارکیٹ میں رونقیں بڑھنے کی امید ہے۔
صوبہ پنجاب میں اگیتی فصل ختم ہونے کے بعد کی فصل تاخیر سے آئے گی لیکن وہ بہت بہتر ہوگی۔ میں نے گزشتہ دنوں پنجاب کے کپاس پیدا کرنے والے علاقے خصوصی طور پر بہاولپور، صادق آباد، اپرسندھ، محراب پور کا دورہ کیا وہاں کپاس کی فصل بہتر ہے لیکن ستمبر کے آخر اور اکتوبر کے آغاز سے پھٹی کی رسد بہت بہتر ہونے کی توقع ہے کچھ علاقوں میں فصل کو نقصان ہوا ہے لیکن مجموعی طور پر پیداوار بہتر رہے گی کل پیداوار 65 تا 70 لاکھ گانٹھوں کے لگ بھگ ہونے کا اندازہ لگایا جا رہا ہے۔
فصل کی پیداوار بڑھنے کی صورت میں پھٹی کی رسد میں اضافہ ہونے سے کئی بند جننگ فیکٹریاں بھی چل جائیں گی ٹیکسٹائل سیکٹر کے حالات دیگر گوں ہوتے جا رہے ہیں ٹیکسٹائل حب کہلانے والے فیصل آباد سے موصولہ اطلاعات کے مطابق وہاں ٹیکسٹائل ملز کے علاوہ بڑی تعداد میں پاور لومز بھی بند ہوتے جارہے ہیں جس کی وجہ سے بے روز گاری بھی بڑھتی جا رہی ہے۔ خصوصی طور پر اسپینرز کے حالات خراب ہوتے جا رہے ہیں کیوں کہ یارن کی درآمد میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے جس کی وجہ سے مقامی اسپنرز متاثر ہو رہے ہیں۔ دوسری جانب ٹیکسٹائل ملز کے بڑے گروپ بھی درآمدی روئی پر زیادہ اانحصار کر رہے ہیں اور دن بدن روئی کی در آمد میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔
مقامی مارکیٹ میں کاٹن کے علاوہ یارن کی مانگ اور بھا ؤمیں کمی ہوتی جا رہی ہے۔ جس کی وجہ سے مارکیٹوں میں زبردست مالی بحران بڑھتا جا رہا ہے۔ اطلاعات کے مطابق کئی ٹیکسٹائل گروپ کے یارن کی مد میں اربوں روپے ادھار میں پھنسے ہوئے ہیں۔ جس کی ادائیگی میں غیر معمولی تاخیر ہو رہی ہے۔ SBP کی جانب سے شرح سود میں 2 فیصد کمی گئی ہے لیکن صنعت کار و تاجر SBP کے اس اقدام سے ناراض ہے۔صوبہ سندھ میں روئی کا بھاؤ فی من 17800 تا 18400 روپے 40 کلو پھٹی کا بھا ؤ7000 تا 8400 روپے۔صوبہ پنجاب میں روئی کا بھاؤ 18600 تا 19000 روپے جبکہ پھٹی کا بھاؤ 7200 تا 9000 روپے۔صوبہ بلوچستان میں روئی کا بھاؤ 18000 تا 18300 روپے پھٹی کا بھاؤ 7200 تا 8800 روپے رہا۔
بلوچی روئی کا بھاؤ 19500 تا 19600 روپے رہا۔کراچی کاٹن ایسوسی ایشن کی اسپاٹ ریٹ کمیٹی نے اسپاٹ ریٹ فی من 200 روپے کے اضافے کے بعد اسپاٹ ریٹ فی من 18500 روپے کے بھاؤ پر بند کیا۔ کراچی کاٹن بروکرز فورم کے چیئرمیں نسیم عثمان نے بتایا کہ بین الاقوامی کاٹن کے بھا میں استحکام رہا نیویارک کاٹن کے وعدے کا بھا فی پانڈ 69 تا 72 امریکن سینٹ کے درمیان چل رہا ہے۔ امریکا میں پاس پیدا کرنے والے علاقوں میں سمندری طوفان فرانسائن کے اثرات کے خدشات کے باعث ICE پاس کی قیمتوں میں اضافہ رہا۔ USDA کی ہفتہ وار برآمدی اور فروخت رپورٹ کے مطابق سال 25-2024 کیلئے 1 لاکھ 16 ہزار 100 گانٹھوں کی فروخت ہوئی۔