لاہور(آئی این پی)گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے اسرائیلی فورسسز کی جانب سے فلسطین میں خونریزی کی پرزور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ معصوم فلسطینیوں کے قتل پر خاموش رہنے والے بھی کسی مجرم سے کم نہیں،فلسطین میں اسرائیلی دہشت گرد فوج ہر پل انسانی حقوق کا جنازہ نکال رہی ہے،
پی ٹی آئی اراکین اسمبلی سے ملاقات کے موقع پر انہوں نے او آئی سی کے اجلاس میں اسرائیل کے خلاف فیصلہ کن پالیسی بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل بچوں اور خواتین کو نشانہ بنا کر بدترین بربریت کا مظاہرہ کررہا ہے،گورنر محمد سرور نے مزید کہا کہ بے گناہ خواتین اور شہید بچے پوری انسانیت سے انصاف کا سوال کررہے ہیں، اسرائیل تمام عالمی قوانین کو پاﺅں تلے روند رہا ہے اور دنیا تماشا دیکھ رہی ہے، دہشت گرد اسرائیل نے انسانیت سوزی کی تمام حدیں عبور کرلی ہیں۔









