جام کمال خان

معصوم طلبہ کو نشانہ بنانا ایک سفاکانہ جرم ہے،جام کمال خان

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے خضدار، بلوچستان میں آرمی پبلک اسکول (اے پی ایس) کی بس پر ہونے والے افسوسناک اور بزدلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ معصوم طلبہ کو نشانہ بنانا ایک سفاکانہ جرم ہے۔

بدھ کو جاری اپنے بیان میں وزیر تجارت نے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس حملے کو غیر انسانی اور قابلِ نفرت عمل قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ معصوم طلبہ کو نشانہ بنانا ایک سفاکانہ جرم ہے، جو اْن عناصر کی مایوسی اور بربریت کو ظاہر کرتا ہے جو ہمارے وطن کو عدم استحکام کا شکار کرنا چاہتے ہیں۔جام کمال خان نے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔

انہوں نے کہا کہ ایسے دہشت گرد حملے پاکستانی قوم اور اس کے سیکیورٹی اداروں کے حوصلے کو متزلزل نہیں کر سکتے۔ انہوںنے کہاکہ ہم دشمنوںچاہے وہ اندرونی ہوں یا بیرونی کو ملک میں قیام امن کی کوششوں کو ناکام نہیں ہونے دیں گے۔وفاقی وزیر نے انسدادِ دہشت گردی کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مسلح افواج کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ اس بزدلانہ کارروائی میں ملوث افراد اور ان کے سہولت کاروں کو جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

جام کمال خان نے اپنے بیان کے اختتام پر بلوچستان کے عوام سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے صوبے میں امن اور ترقی کے لیے مسلسل حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔