پرکاش راج 53

معروف بھارتی اداکار کی والدہ انتقال کرگئیں

معروف بھارتی اداکار پرکاش راج کی والدہ 86 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں، انہوں نے اپنے گھر میں آخری سانس لی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکار پرکاش راج کی والدہ اب اس دنیا میں نہیں رہیں، 29 مارچ 2026 بروز اتوار، سُورنالَتھا کا انتقال بنگلورو میں ان کے گھر پر ہوا۔

رپورٹس میں بتایا گیا کہ مرحومہ کی آخری رسومات پیر کے روز ادا کی جائیں گی، وہ طبی مسائل کا شکار تھیں، پرکاش راج ماضی میں بھی اپنی والدہ کی صحت کے مسائل کا ذکر کر چکے ہیں، تاہم ان کے انتقال کی حتمی وجہ کی تصدیق نہیں ہوئی۔

اداکار اپنی والدہ کے انتقال پر گہرے صدمے میں ہیں، جب کہ شوبز انڈسٹری کی جانب سے بھی ان کے ساتھ اظہارِ ہمدردی کیا جا رہا ہے۔

نامور اداکار پون کلیان نے بھی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ’مجھے یہ سن کر شدید دکھ ہوا کہ معروف اداکار پرکاش راج کی والدہ کا انتقال ہو گیا ہے، میری دلی ہمدردیاں پرکاش راج اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں‘۔

واضح رہے کہ پرکاش راج نے تقریباً چار دہائیوں پر محیط اپنے کیریئر میں تامل، تیلگو، کنڑ، ملیالم، ہندی اور انگریزی فلموں میں نمایاں مقام حاصل کیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں