لاہور( رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ اللہ کا شکر ہے معاشی استحکام آ چکا ہے، ملکی معیشت ترقی کی جانب گامزن ہے،سٹاک مارکیٹ اچھے مقام پر کھڑی ہے، معاشی اشاریے درست، کرنسی میں استحکام ہے.
آئندہ مالی سال کے بجٹ کی تیاری شروع کر دی ہے، ہم تاجر برادری کے ساتھ گفتگو کر کے بجٹ پر کام کر رہے ہیں،ہماری معیشت کی بنیاد بن گئی ہے، اب ہمیں پائیدار ترقی کی طرف جانا ہے۔میرا تھن ریس کے موقع پر بطور مہمان خصوصی شرکت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ بجٹ سے پہلے ہی کاروباری حضرات سے ملاقاتیں شروع کر دی ہیں.
ایف بی آر میں اصلاحات پر بھی کام کر رہے ہیں، تنخواہ دار طبقے پر ٹیکسز کا بوجھ ہے، آنے والے بجٹ میں تنخواہ دار طبقے پر بوجھ کم کرنے کا سوچیں گے۔پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ٹیکس نظام میں بہتری آئی ہے، رئیل اسٹیٹ میں بھی ٹیکس بہتری آئی ہے، رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں سٹہ بازی نہیں چلنے دیں گے نہ ہم سپورٹ کریں گے ، تعمیراتی انڈسٹری کی سپورٹ کے لیے کام کر رہے ہیں۔
انہوںنے کہاکہ سعودی عرب، دبئی اور واشنگٹن سے ہو کر آیا ہوں ،مجھے کہیں بھی اوورسیز کی ناراضگی نظر نہیں آتی، ہم اوورسیز پاکستانیوں کے مشکور ہیں، امید ہے اس سال ترسیلات 35 ارب ڈالر کے قریب ہوجائیں گی، روشن ڈیجیٹل اکائونٹ میں بھی پہلے سے زیادہ اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایف بی آر کی اصلاحات پر بھی کام جاری ہے، ٹیکس اتھارٹی میں اصلاحات لارہے ہیں تاکہ لوگ خوشی سے ٹیکس دینا پسند کریں، مینوفیکچرنگ انڈسٹری اور سیلری کلاس طبقے پر بوجھ پڑا ہے، تمام شعبوں کو معیشت میں اپنا کردار ادا کرنا پڑے گا۔انہوںنے کہا کہ معاشی لحاظ سے ہم آگے کی طرف بڑھ رہے ہیں، زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوا، گروتھ کو تسلسل کے ساتھ آگے لے کر جانا ہے۔
حکومت جو کر رہی ہے اصل کام پرائیویٹ سیکٹر کو کرنا ہے، اس ملک کو پرائیویٹ سیکٹر نے ہی آگے لے کر جانا ہے، ہمیں پالیسی فریم ورک اور پالیسی کے تسلسل سے پرائیویٹ سیکٹر کو سپورٹ کرنا ہے۔پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ٹیکس نظام میں بہتری آئی،پورٹ پرانسانی مداخلت کی کمی پرکام کیاجس سے بہتری آئی۔
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں تنخواہ دار طبقے پر بوجھ کم کرنے کا اشارہ دیتے ہوئے کہا کہ امید ہے کہ تنخواہ دار طبقہ پر بوجھ کم کیا جائے گا۔پاک بھارت میچ سے متعلق محمداورنگزیب نے کہا کہ ہماری سپورٹ پاکستانی ٹیم کے ساتھ ہے، کھلاڑی جم کر اور کھل کرکھیلیں، ہماری نیک خواہشات قومی ٹیم کے ساتھ ہیں۔