اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ معاشرتی خدمت کا بے لوث جذبہ ہی ہر فرد کو ملت کے مقدر کا ستارہ بناتا ہے،انفرادی مثبت کردار اجتماعی فلاح اور سماجی احساس کی بنیاد ہے،ملک کو درپیش مختلف چیلنجوں، قدرتی آفات اور کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نبرد آزما ہونے میں سکاؤٹس حکومت کی موثر معاونت کر سکتے ہیں۔ہفتہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے عالمی یوم سکاؤٹس پر جاری پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں سالانہ عالمی یوم سکاؤٹس پر عزم طریقے سے منایا جا رہا ہے،یہ دن تمام نوجوانوں کی ذہنی، جسمانی اور انفرادی صلاحیتوں کو برو کار لاتے ہوئےمعاشرے میں انکے مثبت اور تعمیری کردار کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پرجس سکاؤٹس تحریک کا آغاز 1907 میں لارڈ بیڈن پاول نے کیا وہ تحریک آج دنیا کی سب سے بڑی نوجوانوں کی تنظیم بن چکی ہے،پاکستان بوائے سکاؤٹس ایسوسی ایشن کے ساڑھے سات لاکھ اراکین کی ان مقاصد کی ترویج کے لئے کاوشیں لائق تحسین ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ امر قابل فخر ہے کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے 22 دسمبر 1947 کو پاکستان کے پہلے چیف سکاوٹ کی حیثیت سے حلف لیا،قائد اعظم نے نوجوانوں کی زندگی میں سکاؤٹنگ کے اہمیت کے حوالے سے فرمایا کہ محفوظ، شفاف اور خوشحال دنیا تعمیر کرنے کا نقطہ آغاز، فرد میں جذبہ خدمت، اور بے لوث عملی تربیت یقینی بنانا ہے اور مزید یہ کہ نوجوانوں میں کم عمری میں ہی فکری اور قول و فعل کی پاکیزگی کا اسکاؤٹس نصب العین پیدا کرنا ہوگا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ بے شک معاشرتی خدمت کا بے لوث جذبہ ہی ہر فرد کو ملت کے مقدر کا ستارہ بناتا ہے۔ انفرادی مثبت کردار ہی اجتماعی فلاح اور سماجی احساس کی بنیاد ہے،ملک کو درپیش مختلف چیلنجز، قدرتی آفات اور کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نبرد آزما ہونے میں پاکستان سکاؤٹس حکومت کی موثر معاونت کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ پاکستان اسکاوٹس اپنی سماجی، معاشرتی ذمہ داریوں کو مزید بہتر انداز میں ادا کرے گی تاکہ پاکستان کی تیز رفتار ترقی و خوشحالی میں اپنی کارکردگی سے نمایاں مثبت کردار ادا کر سکے۔









