امیر مقام 22

مسلم لیگ (ن) کی سیاست کا محور عوامی خدمت اور ترقی ہے،امیر مقام

چڑھوئی (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی سیاست کا محور عوامی خدمت اور ترقی ہے،وفاقی حکومت آزاد کشمیر کے عوام کو بجلی اور گندم پر سبسڈی فراہم کر رہی ہے اور مستقبل میں بھی عوام کو ریلیف کے اقدامات جاری رکھے جائیں گے،میاں محمد نواز شریف نے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کو این ایف سی ایوارڈ میں حصہ دینے کی خواہش کا بھی اظہار کیا ہے تاکہ ترقی کا عمل مزید تیز کیا جا سکے۔

یہاں جاری بیان کے مطابق وزیر امور کشمیر وگلگت بلتستان نیحلقہ ایل اے 12 چڑہوئی میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدوار راجہ ریاست خان کی انتخابی مہم کے سلسلے میں منعقدہ جلسہ عام میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی،جہاں مختلف سیاسی و سماجی شخصیات نے اپنے ہزاروں ساتھیوں اور اہلِ خانہ سمیت مسلم لیگ (ن)آزاد کشمیر میں شمولیت اختیار کی۔ وفاقی وزیر کی جلسہ گاہ آمد پر کارکنوں اور مقامی رہنماؤں نے ان کا پرتپاک استقبال کیاجبکہ شرکا نے بھرپور جوش و خروش کا مظاہرہ کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی قیادت کے حق میں نعرے لگائے۔اس موقع پر راجہ مجید، راجہ قیوم، راجہ سلیم، راجہ قزین انجم، راجہ سعید خان، نمبردار راجہ رازق، راجہ نعیم، راجہ معیز سلیم اور راجہ نعمان زاہد نے اپنے ہزاروں ساتھیوں اور اہلِ خانہ سمیت پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کیا۔

جلسے میں سینیٹر عابد شیر علی، مسلم لیگ (ن) کے امیدوار راجہ ریاست خان، سابق چیئرمین افضل خان، کونسلر اشفاق گجر، راجہ احتشام، اسامہ عبد الکریم، راجہ مامون انور، راجہ سعد خان، پیر سائیں الطاف، چوہدری منیر، راجہ شفیق احمد پلاوی سمیت مسلم لیگ (ن) کے دیگر رہنما، کارکن اور عوام کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انجینئر امیر مقام نے کہا کہ چڑہوئی کے عوام سے ان کا خصوصی تعلق اور محبت ہے اور وہ ہمیشہ اس حلقے کے عوام کے ساتھ کھڑے رہے ہیں اور آئندہ بھی رہیں گے۔ انہوں نے مسلم لیگ (ن) میں شامل ہونے والی تمام شخصیات کو اپنے قائد میاں محمد نواز شریف، وزیراعظم محمد شہباز شریف اور پارٹی قیادت کی جانب سے خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پارٹی پر اعتماد کرنے والوں کو کبھی مایوس نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی سیاست کا محور عوامی خدمت اور ترقی ہے، جبکہ ماضی کی ترقیاتی کارکردگی ہی کسی بھی سیاسی جماعت کی اصل پہچان ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو قیادت ماضی میں عوامی خدمت کرتی رہی، وہ آئندہ بھی اسی جذبے سے ترقی کا سفر جاری رکھے گی۔وفاقی وزیر نے چڑہوئی روڈ کی خستہ حالی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس اہم شاہراہ کی بہتری حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور عوام کو بہتر سفری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ قائد مسلم لیگ (ن) میاں محمد نواز شریف اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ہمیشہ آزاد کشمیر کی ترقی کو خصوصی اہمیت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں کے دوروں کے دوران انہیں مسلم لیگ (ن) کے ادوار میں تعمیر ہونے والی متعدد سڑکیں، ہسپتال، تعلیمی ادارے اور دیگر ترقیاتی منصوبے دیکھنے کا موقع ملا، جو پارٹی کی عوامی خدمت کا عملی ثبوت ہیں۔

انجینئر امیر مقام نے بتایا کہ 20 ارب روپے کی لاگت سے آزاد کشمیر میں پانچ دانش سکول تعمیر کئے جا رہے ہیں، یہ منصوبہ نوجوان نسل کو معیاری تعلیم کی فراہمی کی جانب ایک اہم قدم ہے اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عوام کی فلاح کے لیے یہ منصوبہ خصوصی دلچسپی سے منظور کیا۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت آزاد کشمیر کے عوام کو بجلی اور گندم پر سبسڈی فراہم کر رہی ہے اور مستقبل میں بھی عوام کو مزید ریلیف دینے کے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ گزشتہ روز مظفرآباد میں قائد مسلم لیگ (ن) میاں محمد نواز شریف نے آزاد کشمیر کی ترقی کے لیے اپنی بھرپور وابستگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ خود ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ میاں محمد نواز شریف نے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کو این ایف سی ایوارڈ میں حصہ دینے کی خواہش کا بھی اظہار کیا ہے تاکہ ترقی کا عمل مزید تیز کیا جا سکے۔انجینئر امیر مقام نے لائن آف کنٹرول پر کشیدگی کے دوران عوام اور پاک فوج کے جذبے کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اپنی بہادر افواج پر فخر کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے جس علاقے کا بھی دورہ کیا، وہاں عوام کے جذبے اور پاک فوج کے حوصلے مثالی نظر آئے۔انہوں نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے دشمن کو بھرپور اور مؤثر جواب دیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کشمیر کا رشتہ لازوال ہے، دونوں ایک تھے، ایک ہیں اور ہمیشہ ایک رہیں گے۔وفاقی وزیر نے بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے عوام کی قربانیوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام کی آزادی کی جدوجہد ضرور کامیاب ہوگی اور پاکستان ہر سطح پر ان کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔انہوں نے اپنے خطاب کے اختتام پر کہا کہ وفاقی حکومت آزاد کشمیر کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور کشمیری عوام کی محبت ان کے لیے ایک قیمتی سرمایہ ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں