احسن اقبال 24

مسلم لیگ ن کی حکومت انتقامی سیاست پر یقین نہیں رکھتی، احسن اقبال

نارووال(رپورٹنگ آن لائن) وفاقی وزیرمنصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کی حکومت کسی انتقامی سیاست پر یقین نہیں رکھتی۔

پنجاب کے علاقے نارووال میں لیپ ٹاپ تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی آف نارووال کے طلبا کسی بھی شعبےمیں کسی سےکم نہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ ہمارے ضلع کےنوجوان انتہائی ذہین ہیں، ہم نے لاکھوں کی تعداد میں نوجوانوں میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے، لیپ ٹاپ کی تقسیم میرٹ کی بنیاد پرہورہی ہیں، بعض لوگ مسلسل ملک کےخلاف پروپگینڈا کررہےہیں، پی ٹی آئی دورحکومت میں گالم گلوچ کےعلاوہ کوئی کام نہیں ہوا۔

وفاقی وزیرمنصوبہ بندی کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت کسی انتقامی سیاست پر یقین نہیں رکھتی، انتقام تو وہ ہے جو پی ٹی آئی نے اپنی اپوزیشن سے لیا تھا، میں آپ کے سامنے اس کا نمونہ کھڑا ہوں، جب مجھے گولی لگی، جب مجھے بازو پر گولی لگی ، دوسری سرجری ہوئی اس کے تیسرے دن مجھے گرفتار کر لیا گیا۔

احسن اقبال نے کہا کہ ڈاکٹر ،جج نے تحریری طور پر احکامات دیئے کے مجھے فزیو تھراپی فراہم کی جائے، جس سے بازو سیدھا ہو سکتا تھا ، اس حکومت نے مجھے ڈھائی مہینے فزیو تھراپی نہیں فراہم کی، میرا بازو ٹیرھاہو گیا، میرا ٹیرھا بازو بانی پی ٹی آئی کی انتقامی سیاست کی نشانی ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ شہباز شریف، خواجہ آصف، رانا ثناءاللہ سب کو سرد راتوں میں ٹھنڈے فرشوں پر سلایا گیا، آج بانی پی ٹی آئی اس کوٹھری میں ہیں جس میں مجھے رکھا ہوا تھا، نارووال: وہ کوٹھڑی میرے لئے بحثیت ملزم ٹھیک تھی تو خان صاحب تو سزا یافتہ قیدی ہیں۔

وفاقی وزیرمنصوبہ بندی نے کہا کہ خان صاحب کے لئے تو تمام سہولتیں موجود ہیں،من پسند کا کھانا ملتا ہے، ورزش کا سامان موجود ہے، وہ تمام سہولتیں ہیں جو پاکستان میں کسی قیدی کو نہیں ہیں، پی ٹی آئی فسانہ بنا رہی ہے تاکہ اپنے لیڈر کو این آر او کے ذریعے رہا کروائیں۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ان کو کسی سیاسی مقدمہ میں گرفتار نہیں کیا گیا ان کو 190 ملین خوردبرد میں سزا ہوئی ہے، پی ٹی آئی کو اپنے رہنما کی رہائی کی بجائے اپنے رہنما کا گریبان پکڑنا چاہیے، آپ ہمیں کرپشن کے خلاف درس دیتے تھے آپ پاکستان کی سب سے بڑی کرپشن کے ملزم نکلے ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ سوائے اِس کے وہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کروانا چاہتے ہیں، این آر او کے ذریعے اِس کے علاوہ کوئی بات نہیں ہے، بانی پی ٹی آئی کی طبعی یا میڈیکل کنڈیشن ہے اس پر جو مستند رائے ہے وہ ایک ڈاکٹر کی ہو سکتی ہے نہ کے وکیل کی ۔

وفاقی وزیرمنصوبہ بندی کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کی ہدایات پر حکومت نے عمل کیا ہے ان کو بہترین سہولیات میسر ہیں، ہمیں تو جیل کے اندر ان سہولیات کا سوا حصہ میسر نہیں تھیں ،جو بانی پی ٹی آئی کو حاصل ہیں، بانی پی ٹی آئی تو فائیو سٹار جیل کاٹ رہے ہیں۔

احسن اقبال نے کہا کہ امریکہ میں کھڑے ہو کر کہتے تھے، قید تو قید ہوتی ہے، کہتے تھے نواز شریف کا اے سی اتروائوں گا، اللہ تعالی کی پکڑ ہے جو انہوں نے کردار کشی کی، بہتان ہم پر لگائے، بانی پی ٹی آئی کو اللہ تعالی سے معافی مانگنی چاہیے جو انہوں نے اپنے مخالفین پر ظلم کئے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں