جنرل ہسپتال

مستقبل کے ای این ٹی سپیشلسٹ ڈاکٹرز کیلئے جنرل ہسپتال میں تربیتی کورس کا انعقاد

لاہور2اکتوبر(زاہد انجم سے) پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و لاہور جنرل ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے کہا ہے کہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ میڈیکل کے شعبہ میں جدت آرہی ہے اور آج کا شعبہ طب در حقیقت میڈیکل کی سپیشلائزیشن کا دور ہے جس سے صرف نظر نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے مزید کہا کہ علاج معالجے کی موجودہ ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے نوجوان ڈاکٹرز کیلئے تحقیق اور تعلیمی سرگرمیوں پر مسلسل توجہ دینا اور محنت و مطالعے کی عادت کو اپنا شعار بنانا نا گزیر ہے تاکہ وہ کم سے کم وقت میں بہترین کارکردگی کے حامل سپیشلسٹ ڈاکٹر ز بن کر مریضوں کے لئے زیادہ سے زیادہ فائدہ مند ثابت ہو سکیں۔پروفیسر الفرید نے کورس کے کوآرڈینیٹر اور ای این ٹی یونٹ 2کے سربراہ ڈاکٹر محمد الیاس اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا، جنہوں نے پاکستان بھر میں مستقبل میں کنسلٹنٹ بننے والے ڈاکٹرز کے لیے ایل جی ایچ کا پلیٹ فارم مہیا کیا جو ایک اعزاز سے کم نہیں۔

ان خیالات کا اظہار پروفیسر الفرید ظفرنے لاہور جنرل ہسپتال شعبہ ای این ٹی میں ڈاکٹرز کی امتحانی تیاری کے لئے رہنما اصولوں کے بارے میں منعقدہ کورس کے اختتامی سیشن اور شرکا میں سرٹیفکیٹس تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں ملک بھر سے ناک کان گلا کے شعبے سے متعلقہ ڈاکٹرز نے شرکت کی جبکہ سینئر پروفیسرز نے کورس کے شرکاء کو اُن کے امتحانی امور کے بارے میں رہنمائی اور تکنیکی معاملات سے آگاہ کیا۔ پروفیسر ڈاکٹر منظور احمد،پروفیسر محمد امجد، پروفیسر طاہر رشید اور پروفیسر نجم الحسنین خان نے لیکچرز دیے جبکہ پروفیسر ڈاکٹر بریگیڈئیر(ر) انوار الحق،پروفیسر ارشاد ملک، پروفیسر ایوب احمد خان اور پروفیسر تیمور لطیف ملک،ایم ایس جنرل ہسپتال ڈاکٹر فریاد حسین،ڈاکٹر عامر ایوب اعوان، ڈاکٹر عبدالعزیز بھی تقریب میں موجود تھے۔

پروفیسر الفرید ظفر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ میڈیکل کی تعلیم کا حصول غیر متزلزل ارادے اور انتھک محنت کا متقاضی ہے اور وہی میل و فی میل ڈاکٹرز امتیازی نمبروں سے میڈیکل کا امتحان پاس کرنے میں کامیاب ہوتے ہیں جنہیں اپنی کتب کے مطالعے کا جنون کی حد تک شوق ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ای این ٹی کے امراض انتہائی حساس ہوتے ہیں لہذا اس شعبہ سے وابستہ نوجوان ڈاکٹرز جدید تحقیق پر خصوصی توجہ دیں اورجدید طبی علاج کے استعمال میں بھی مہارت حاصل کریں۔پروفیسر الفرید ظفر نے ڈاکٹرز پر زور دیا کہ وہ امتحانی سینٹر میں پرچہ حل کرتے وقت انتہائی صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا کریں اور پیپر جلد حل کرنے کی بجائے مقررہ وقت تک سینٹر میں موجود رہیں اور انہیں بھرپور اعتماد کے ساتھ سوالوں کے جواب دینا چاہئیں تاکہ وہ تکنیکی اصولوں کے تحت زیادہ سے زیادہ نمبر حاصل کرنے میں کامیاب ہو سکیں۔

پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر الفرید ظفر نے امید ظاہر کی کہ امتحان میں شریک ڈاکٹرز،مستقبل کے بہترین کنسلسٹنٹ بن کر ابھریں گے اور سرکاری و نجی شعبے میں دکھی انسانیت کی احسن انداز میں خدمات سر انجام دے کر نام کمائیں گے۔ انہوں نے نوجوان ڈاکٹرز کی تعلیم و تربیت، مریضوں کی کونسلنگ اور دور جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ رہنے کے لئے ضروری رہنمائی فراہم کرنے پر سینئر میڈیکل ٹیچرز کی خدمات کو سراہتے ہوئے اُن کا شکریہ ادا کیا اور توقع ظاہر کی کہ آئندہ بھی پی جی ایم آئی، امیر الدین میڈیکل کالج میں سٹوڈنٹس کو اپنے وسیع تجربہ اور قابلیت سے مستفید کرتے رہیں گے۔