لاہور( رپورٹنگ آن لائن)پاکستان مسلم لیگ(ن) لاہور کے صدر ملک سیف الملوک کھوکھر کی زیرِ صدارت حلقہ این اے 126 کے مستحق افراد میں امدادی چیکس تقسیم کرنے کی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں پنجاب حکومت کی جانب سے مستحق افراد میں فی کس 30,000 روپے کے امدادی چیکس تقسیم کیے گئے۔
تقریب میں بیرسٹر عمیر سیف کھوکھر، کوارڈی نیٹر سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال مطیع الرحمن کھوکھر اور دیگر نے شرکت کی ۔سیف الملوک کھوکھر نے قابلِ تحسین روایت قائم کرتے ہوئے امدادی چیک وصول کرنے والے مستحقین کی چیکس وصول کرتے ہوئے ویڈیو زاور تصاویر بنانے روک دیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سیف الملوک کھوکھر نے کہاکہ ضرورت مند خاندانوں کو امداد کی فراہمی ان پر کوئی احسان نہیں بلکہ یہ ان کا حق ہے ۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات کی روشنی میں ہم نے شفافیت کو ہر صورت پیش نظر رکھنا ہے اور یہ امداد بلا تفریق تقسیم کی گئی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ مریم نواز شریف کی قیادت میں پنجاب حکومت عوام کی فلاح و بہبودکے لئے جس قدر اقدامات اٹھا رہی ہے ماضی میں اس کی کوئی مثال نہیںملتی ۔ صوبہ بھر میں سروے بھی جاری ہے جس سے حکومت کو موثر اور شفاف ڈیٹا دستیاب ہوگا اور کسی بھی طرح کی فلاحی سکیموںمیں شفافیت مزید یقینی ہو جائے گی۔






