لاہور(رپورٹنگ آن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے، خواتین اور بچوں کے خلاف جرائم کی روک تھام اور پولیس کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے متعلقہ افسران کو چار ہفتوں کی مہلت دے دی۔
اعلامیے کے مطابق وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت امن و امان سے متعلق خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جس میں آر پی اوز اور ڈی پی اوز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی، اجلاس میں صوبے کے ہر ڈویژن اور ضلع میں امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے خواتین اور بچوں کے خلاف بڑھتے ہوئے جرائم پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ جرائم کی روک تھام اور امن و امان کی مجموعی صورتحال میں بہتری کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں، انہوں نے خبردار کیا کہ چار ہفتوں میں صورتحال بہتر نہ ہونے پر متعلقہ پولیس افسران کو عہدوں سے ہٹایا جاسکتا ہے۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ نے پولیس کو تمام اضلاع، بالخصوص صوبائی سرحدی علاقوں سے گندم کی سمگلنگ روکنے کی ہدایت کی، انہوں نے پولیس میں انسدادِ رشوت ستانی مہم تیز کرنے اور بدعنوانی میں ملوث اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا حکم بھی دیا۔مریم نواز شریف نے ٹریفک مینجمنٹ پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اوور سپیڈنگ کے خلاف یقینی کارروائی کی ہدایت کی، انہوں نے صوبے بھر میں ناجائز اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف پیشگی کارروائی اور اسلحے کی برآمدگی یقینی بنانے کا حکم دیا، جبکہ کیمرے والی عینک سمیت دیگر جاسوسی آلات پر پابندی پر عمل درآمد کی بھی ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ نے صوبے بھر میں پولیس پٹرولنگ بڑھانے اور اس بات کو یقینی بنانے کا حکم دیا کہ ہر علاقے میں پولیس کی موجودگی نمایاں ہو تاکہ جرائم پیشہ عناصر میں قانون کا خوف پیدا ہو، انہوں نے لاہور میں ڈولفن فورس کو پٹرولنگ کے لیے موٹر سائیکلیں اور دیگر ضروری سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی۔اجلاس میں راولپنڈی ڈویژن میں امن و امان کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا گیا، وزیراعلیٰ نے تمام آر پی اوز کو ہدایت کی کہ جرائم کی روک تھام کے لیے ہفتہ وار اجلاس منعقد کریں اور متعلقہ ڈی پی اوز کی کارکردگی رپورٹس بھی پیش کریں۔مریم نواز شریف نے واضح کیا کہ پنجاب میں بدمعاشی کلچر برداشت نہیں کیا جائے گا اور ایسے عناصر کو معاف نہیں کیا جائے گا، انہوں نے منشیات کے خاتمے، جرائم کے ہاٹ سپاٹس کی نشاندہی اور جرائم پیشہ نیٹ ورکس توڑنے کے لیے بھرپور اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں ہجوم سے نمٹنے کے لیے مخصوص آر ایم سی پولیس فورس کی استعداد کار بڑھانے کا عمل جاری رکھنے کی ہدایت بھی کی گئی، وزیراعلیٰ نے مجوزہ دھرنے کے دوران بہترین ڈیوٹی انجام دینے پر آر ایم سی فورس کو سراہا۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے دورانِ ڈیوٹی جاں بحق ہونے والے پولیس اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور شہید پولیس افسران کے اہل خانہ کو تاحیات تنخواہ اور خصوصی پیکج دینے کی ہدایت کی۔انہوں نے تبلیغی اجتماع کے منتظمین کے پاس پولیس افسران کو خود پہنچنے کی ہدایت بھی کی تاکہ انتظامی امور اور سکیورٹی سے متعلق معاملات کو مؤثر انداز میں حل کیا جاسکے۔









