سیف الملوک کھوکھر 21

مریم نواز شریف عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کی تکمیل کیلئے دن رات کوشاں ہیں ،سیف الملوک کھوکھر

لاہور(رپورٹنگ آن لائن) پاکستان مسلم لیگ (ن) لاہور کے صدر سیف الملوک کھوکھر نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کی تکمیل کیلئے دن رات کوشاں ہیں ، پنجاب میں چالیس لاکھ خاندانوں تک رمضان نگہبان کارڈ کے ذریعے باعزت طریقے سے امداد پہنچائی جارہی ہے ، اگر دوسرے صوبوں کے لوگ مریم نواز شریف جیسی وزیر اعلیٰ کی خواہش کر رہے ہیں تو یہ پنجاب کے عوام کیلئے فخر کی بات ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوارڈی نیٹر مذہبی امور اوقاف مطیع الرحمن کھوکھر اور دیگر کے ہمراہ وزیر اعلی پنجاب کی جانب سے قائم نگہبان رمضان کارڈ سائٹ آفس علامہ اقبال ٹائون میںپی پی 168 کے 116 علما ئے کرامِ میں اعزازیہ اور مستحقین میں نگہبان رمضان کارڈ کی تقسیم کی تقریب کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔سیف الملوک کھوکھر نے سائٹ آفس میں قائم کارڈ ایکٹیویشن اور رقوم کی ادائیگی کائونٹرز کا تفصیلی معائنہ اور انتظامات کا بھی جائزہ لیا ۔سیف الملوک کھوکھر نے کہا کہ جن لوگوں کو امدادی رقم کے کارڈ فراہم کئے گئے ہیں یہ ان پر کوئی احسان نہیں بلکہ یہ ان کا حق تھا جو ان تک پہنچایا گیا ہے ۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے صوبے میں عوام کی فلاح و بہبود خصوصاً مستحق طبقات کے لئے جتنے منصوبے شروع کئے ہیں ماضی میں اس کی کوئی مثال نہیں ملتی ۔ ان تمام منصوبوں میں میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنایا گیا ہے اور خدا کی ذات کا شکر ہے کہ کوئی شفافیت پر انگلی نہیں اٹھا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ دوسرے صوبوں میں عوام تک امداد پہنچنا تو دور کی بات ابھی تک صرف اجلاس اجلاس کھیلا جارہا ہے جبکہ پنجاب میں یہ سلسلہ بلا تعطل جاری ہے اور لوگ جھولیاں اٹھا اٹھا کر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کو دعائیں دے رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں