مریم اورنگزیب

مریم اورنگزیب کا شہباز شریف کا ہتکِ عزت کا دعویٰ خارج کرنے کی استدعا پر عمران خان سے معافی مانگنے کا مطالبہ

اسلام آ باد (رپورٹنگ آن لائن) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے عدالت سے شہباز شریف کا ہتکِ عزت کا دعویٰ خارج کرنے کی استدعاکرنے پر وزیراعظم عمران خان سے معافی مانگنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیب نیازی گٹھ جوڑکے عدالتوں میں فیل ہونے کے بعد عمران صاحب اپنے الزامات خود واپس لے رہے ہیں، یہ ہے ان کی سیاست کی حقیقت پاناما میں پیسے دینے کا جھوٹ بولنے کی درخواست واپس لینے سے کام نہیں چلے گا،عدالت عمران صاحب کو ان کے جھوٹ پر سزا دے ۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا عمران صاحب شہبازشریف اور قوم سے جھوٹ بولنے پر معافی مانگیں، درخواست واپس لینے سے آپ کوبھاگنے نہیں گے ،کسی پر الزام، کسی پر بہتان لگانا، کسی کے خلاف جھوٹ بولنا، عمران صاحب یہ آپ ریاست مدینہ بنارہے ہیں؟،سیاسی انتقام میں آپ کے جھوٹ بولنے سے سیاسی مخالفین کیجو ہتک عزت ہوئی، عمران صاحب اس کا جواب دیں،عدالت اس درخواست کو منظور نہ کرے بلکہ عمران صاحب کے خلاف قانونی کارروائی کرے ۔

انہوںنے کہا ابھی تو ایک درخواست واپس لی ہے،عمران صاحب کو اپنا ہر الزام، بہتان اور جھوٹ واپس لینا پڑے گا ،چار سال بعد ہتک عزت کے مقدمے میں عدالت سے درخواست واپس لینے سے آپ کو فرار نہیں ہونے دیں گے، عمران صاحب شہبازشریف پر جس طرح جھوٹا الزام لگایا تھا، اب سرعام معافی بھی مانگیں، عمران صاحب نے آخر اعتراف کرلیا کہ پاناما پر شہبازشریف نے پیسے دینے کی کوئی پیشکش نہیں کی تھی،اللہ تعالی کا شکر ہے کہ شہبازشریف کو سرخرو اور سچا ثابت کیا اور جھوٹ کا منہ ایک اور مرتبہ کالا ہوگیا ۔

انہوںنے کہا تین سال سے عمران صاحب التوا کے پیچھے چھپے رہے، اب شہبازشریف کا دعوی خارج کرنے کی درخواست ان کا نیا پینترا ہے ،دو سال سے زائد عرصے سے عمران صاحب اپنی ہی دائر کردہ درخواست کے حق میں کوئی دلائل پیش نہیں کرسکے ،درخواست واپس لینا واضح ثبوت ہے کہ عمران صاحب نے جھوٹ بولا تھا ،یہ ہتھکنڈا ایک بار پھر ان کے جھوٹ، بدنیتی اور سیاسی انتقام پر مبنی رویہ کی کھلی نشانی ہے ،عمران صاحب نے اعتراف کرلیا ہے کہ شہبازشریف نے انہیں براہ راست پیسہ دینے کی کوئی پیشکش نہیں کی تھی ،اس اعتراف سے عمران صاحب کا سچائی اور ایمان داری کا لبادہ تار تار ہوچکا ہے ،عمران صاحب کا سیاسی انتقام پر مبنی احتساب کا جھوٹا بیانیہ دفن ہوگیا، اب پیسے دینے کے جھوٹ سے بھی بھاگ گئے ،عمران صاحب آپ ان شائاللہ اپنا ہر جھوٹ، بہتان اور الزام واپس لیں گے۔