کراچی(رپورٹنگ آن لائن) ایپی لیپسی فائونڈیشن پاکستان کی صدر اور ملک کی معروف نیورولوجسٹ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا ہے کہ مہنگائی کے اس دور میں جبکہ دو وقت کی روٹی کمانا مشکل ہو گیا ہے ،عام شہریوں کیلئے علاج کرانا مشکل ترین امر بنتا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے ایپی لیپسی فائونڈیشن نے فیصلہ کیا ہے کہ ہر ماہ مرگی کے مریضوں کے لیے ”فری میڈیکل کیمپ ” کا انعقاد کیا جائے گا۔ اس ماہ اپریل میں ایپی لیپسی فائونڈیشن نے عافیت کنسلٹنگ کلینک ، گلشن اقبال میں ہیرانیس فارما کے تعاون سے ”فری میڈیکل کیمپ ” کا انعقاد کیا ہے جس میں مفت طبی معائنہ کے ساتھ مریضوں کو مفت ادویات بھی فراہم کی جارہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ”فری میڈیکل کیمپ” کے ماہانہ انعقاد کی ایک وجہ مرگی کے مرض کے بارے میں توہمات اور بدعقیدگی کے خاتمہ کیلئے شہریوں میں شعور پیدا کرنا اور جو لوگ علاج کرانے کی سکت نہیں رکھتے ہیں ، ان کی مدد کرنا بھی ہے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ہیرانیس فارما کے سیلز اینڈ مارکیٹنگ ڈائریکٹر رائو محمد زاہد نے مرگی کے مرض کیلئے ایپی لیپسی فائونڈیشن کی خدمات اور ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کے جذبہ کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی سرگرمیوں سے عام شہریوں کو بیماریوں کے بارے میں آگہی فراہم کرنے کے ساتھ بیماریوں کی روک تھام اور ان کا خاتمہ کرنا بھی ممکن بنایا جاسکتا ہے۔









