شاہد آفریدی 136

مخلص اور پیشہ ور لوگوں کو قریب کریں، شاہد آفریدی کا رمیز راجہ کو مشورہ

واشنگٹن(رپورٹنگ آن لائن)قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے متوقع چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کو مشورہ دیا کہ وہ مخلص اور پیشہ ور لوگوں کو قریب کریں۔شاہد آفریدی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے منتخب ٹیم حیران کن ہے، 2 سے 3 کھلاڑیوں کا نہ ہونا اور کچھ کھلاڑیوں کا ہونا ضروری تھا، ٹیم کے انتخاب میں سلیکشن کمیٹی کا بڑا کردار ہوتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ اْ مید ہے رمیز راجہ کے آنے سے کچھ بہتری آئے گی کیونکہ وہ ایک عرصے سے کرکٹ کے قریب ہیں تاہم کام رمیز بھائی نے نہیں ان کی ٹیم نے کرنا ہے اس لیے رمیز بھائی کو مشورہ ہے مخلص اور پیشہ ور لوگوں کو قریب کریں۔اس موقع پر صحافی نے سوال کیا کہ اگر آپ کو بورڈ نے کوئی پیشکش کی تو قبول کریں گے؟ اس پر شاہد آفریدی نے کہا کہ ابھی فلاحی کاموں میں مصروف ہوں آگے کی آگے دیکھیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں