لاہور (رپورٹنگ آن لائن) سابق کپتان محمد حفیظ نے آسٹریلیا کے خلاف آئندہ ون ڈے سیریز سے قبل قومی ٹیم سے دستیاب مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے مضبوط کمبینیشن تشکیل دینے کی امیدیں وابستہ کرلیں۔
محمد حفیظ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ آئی سی سی ورلڈ کپ جنوبی افریقا، زمبابوے اور نمیبیا میں کھیلا جائے گا تاہم فیوچر ٹور پروگرام کے مطابق پاکستان کو اب تک صرف 10 ون ڈے میچز ملے ہیں۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ ٹیم ان میچز میں بہترین وسائل بروئے کار لا کر مضبوط سکواڈ تیار کرے گی۔
یاد رہے پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 3 میچوں کی سیریز 30 مئی سے 4 جون تک کھیلی جائے گی، یہ رواں برس پاکستان کی دوسری ون ڈے سیریز ہوگی۔
واضح رہے کہ چیمپیئنز ٹرافی 2025 کے بعد پاکستان نے 5 ون ڈے سیریز کھیلیں جن میں 3 بیرون ملک ہار جبکہ 2 ہوم سیریز میں کامیابی حاصل کی۔









