محمد حفیظ

محمد حفیظ کا کامران اکمل کو جونیئر سلیکشن کمیٹی کا سربراہ بنائے جانے پر خوشی کا اظہار

لاہور (رپورٹنگ آن لائن ) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ نے کامران اکمل کو جونیئر سلیکشن کمیٹی کا سربراہ بنائے جانے پر خوشی کا اظہار کیا اور اس فیصلے کو درست قرار دیا۔30جنوری کو پاکستان کرکٹ بورڈ نے ڈسٹرکٹ اور ریجنل جونیئر ٹیموں کے انتخاب کے لیے 8 رکنی سلیکشن کمیٹی بنائی۔کامران اکمل کو اس جونیئر سلیکشن کمیٹی کا سربراہ مقرر کیا گیا، جونیئر سلیکشن کمیٹی انڈر 13، انڈر 16اور انڈر 19پلیئرز کا انتخاب کرے گی۔اس حوالے سے محمد حفیظ نے ٹوئٹ کی اور کامران اکمل کو مبارکباد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ نجم سیٹھی کی جانب سے یہ فیصلہ بہت اچھا کیا گیا ہے، کامران ماڈرن کرکٹ کی ضروریات کو بخوبی سمجھتے ہیں اور وہ نئے ٹیلنٹ کی شناخت بھی بہت اچھے سے کرسکتے ہیں۔سابق کپتان کی تعریف پر کامران اکمل نے بھی ان کا شکریہ ادا کیا۔