ہمایوں اختر خان

محرم الحرام سخت آزمائش کا مقابلہ کرنے کا جذبہ صادق عطا کرتا ہے’ ہمایوں اختر خان

لاہور( رپورٹنگ آن لائن)سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ عاشورہ کا مقدس دن اسلامی تاریخ میں بہت اہمیت رکھتا ہے.

اس دن کربلا کے میدان میں حق وباطل کی لڑائی میں اسلامی اقدار کے تحفظ کی خاطر نواسہ رسول حضرت امام حسین نے عظیم قربانی پیش کی،اللہ کے نبی ۖکے خاندان کی عظیم قربانی نے انسانی شعور کے ارتقا ء اور حق انصاف اور آزادی کی انسانی جدوجہد کو نکھارنے میں کلیدی کردار ادا کیا ۔

عاشورہ محرم کی مناسبت سے اپنے پیغام میں ہمایوں اختر خان نے کہا کہ یوم عاشور ہمیں یاد دلاتا ہے کہ حسینیت تا ابد زندہ اور پائندہ ہے ،یہ معرکہ اسلام کی سربلندی کی خاطر ایک جدوجہد تھی جو امام حسین کے اصولی موقف، غیر متزلزل بہادری اور قربانی سے عبارت ہے۔شہادت امام حسین درحقیقت حق کی فتح اور ظالم کے خلاف ڈٹ جانے اور ایثار وقربانی کا استعارہ ہے،محرم الحرام سخت آزمائش کا مقابلہ کرنے کا جذبہ صادق عطا کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عاشورہ کے موقع پر ہمیں مختلف مکاتب ِفکر کے درمیان مکالمے اور افہام و تفہیم کی اہمیت کو بھی یاد رکھنا چاہیے،آئیں، ہم اسلام کے بنیادی اصولوں ہمدردی، رواداری ، مشاورت اور سماجی انصاف کے فروغ کیلئے اپنے عزم کی تجدید کریں۔