کراچی(رپورٹنگ آن لائن)سندھ کے وزیرداخلہ ضیاء الحسن لنجار نے پولیس حکام سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کوماہ رمضان المبارک میں فول پروف سیکیورٹی یقینی بنانے کے احکامات جاری کردیئے ہیں ۔
بدھ کو جاری بیان میں انہوں نے احکامات دیتے ہوئے کہاکہ ماہِ صیام 2026کے تینوں عشروں میں فول پروف سیکیورٹی یقینی بنائی جائے، مساجد، امام بارگاہوں، مزارات، درگاہوں اور تراویح اجتماعات کی خصوصی نگرانی کی جائے۔وزیر داخلہ سندھ نے کہاکہ افطار و سحر اوقات میں حساس مقامات پر اضافی نفری تعینات کی جائے۔بڑے تجارتی مراکز، بازاروں اور شاپنگ مالز میں مثر سیکیورٹی پلان مرتب کیا جائے۔اسنیپ چیکنگ، موبائل گشت اور انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں میں مزید تیزی لائی جائے۔کمانڈ اینڈ کنٹرول مانیٹرنگ کے ذریعے سی سی ٹی وی نگرانی موثر بنائی جائے۔انہوں نے کہاکہ مساجد و مذہبی اجتماعات کے اطراف واک تھرو گیٹس اور جامع تلاشی نظام یقینی بنایا جائے۔فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور امن و امان کے قیام کے لیے علمائے اکرام سے رابطہ مضبوط کیا جائے۔ مارکیٹس اور کاروباری مراکز میں رش کے پیش نظر ٹریفک مینجمنٹ پلان پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے ۔
افطار پوائنٹس اور دسترخوانوں کی سیکیورٹی کے لیے مقامی پولیس اور رضاکاروں کے ساتھ کوآرڈی نیشن کو یقینی بنایا جائے۔ضیا الحسن لنجارنے کہاکہ خواتین اور فیملیز کی سہولت کے لیے خصوصی گشت اور ہیلپ ڈیسک کا قیام عمل میں لایا جائے۔ایمرجنسی رسپانس یونٹس اور ایمبولینس سروس کو الرٹ رکھا جائے۔افطار سے قبل اور بعد اہم شاہراہوں پر ٹریفک پولیس کی اضافی نفری،پارکنگ کے متبادل انتظامات کیساتھ ساتھ غیرقانونی پارکنگ کے خلاف کارروائی کی جائے۔وزیر داخلہ سندھ نے کہاکہ شہریوں کو پیشگی ٹریفک ایڈوائزری سے آگاہ رکھا جائے۔ماہِ صیام کے بابرکت مہینے میں عوام کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے، اور کسی بھی غفلت یا کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔پولیس، رینجرز اور متعلقہ اداروں کے باہمی اشتراک سے مربوط اور مثر سیکیورٹی و ٹریفک انتظامات یقینی بنائے جائیں۔









