لاہور (رپورٹنگ آن لائن) ملک میں آئل مارکیٹنگ کمپنیز (او ایم سیز) کی جانب سے مارچ کے دوران پٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مجموعی طور پر تیل کی فروخت میں تقریباً 13 فیصد اضافہ ہوا، یہ اضافہ خاص طور پر عید کی تعطیلات اور ہفتہ وار چھٹیوں کے دوران عوام کی جانب سے سفر میں اضافے کے باعث دیکھنے میں آیا۔
اس کے علاوہ پن بجلی کی پیداوار میں کمی کے سبب بجلی گھروں نے بھی فرنس آئل کی خریداری بڑھا دی، جس سے مجموعی طلب میں اضافہ ہوا۔
ذرائع کے مطابق مارچ میں پٹرول کی فروخت فروری کے مقابلے میں 8 فیصد بڑھ کر 6 لاکھ 70 ہزار ٹن تک پہنچ گئی، جبکہ فروری میں یہ فروخت 6 لاکھ 20 ہزار ٹن تھی، اسی طرح ڈیزل کی فروخت میں بھی 13 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، مارچ میں ڈیزل کی فروخت 5 لاکھ 90 ہزار ٹن رہی، جو فروری میں 5 لاکھ 20 ہزار ٹن تھی۔
دوسری جانب فرنس آئل کی فروخت میں غیر معمولی اضافہ دیکھا گیا، مارچ میں فرنس آئل کی فروخت 90 ہزار ٹن تک پہنچ گئی، جبکہ فروری میں یہ صرف 40 ہزار ٹن تھی۔
حکومت کی جانب سے پٹرول اور ڈیزل کی بچت کیلئے مختلف آپشنز کے تحت تعطیلات دی گئی تھیں، تاہم ان تعطیلات کے دوران عوام نے سفر میں اضافہ کیا، جس کے باعث پٹرولیم مصنوعات کی طلب مزید بڑھ گئی۔
ماہرین کے مطابق اگر توانائی کے متبادل ذرائع میں بہتری نہ آئی تو آنے والے مہینوں میں بھی تیل کی طلب میں اضافہ جاری رہ سکتا ہے۔









