لیبیا

لیبیا اور انڈونیشیا کا اقتصادی مشاورت کو فروغ دینے پر اتفاق

طرابلس(رپورٹنگ آن لائن )لیبیا کی قومی حکومت نے انڈونیشیا کے ساتھ اقتصادی مشاورت کو مضبوط بنانے کے لیے ایک مشترکہ کمیٹی کے قیام پر اتفاق کیا ہے۔

چینی میڈیا کے مطابق یہ معاہدہ طرابلس میں لیبیا کے وزیراعظم عبدالحمید الدبیبہ اور انڈونیشیا کے نائب وزیر خارجہ محمد انیس متا کے درمیان ہونے والی ملاقات کے دوران طے پایا۔ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا، جن میں سرمایہ کاری، توانائی، تعلیم، ثقافت، بنیادی ڈھانچے، تجارت اور خدمات کے شعبے شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق فریقین نے ایک مشترکہ تکنیکی کمیٹی بنانے پر اتفاق کیا جو دونوں ممالک کے درمیان زیر التوا اقتصادی معاملات کو حل کرے گی اور پچھلے واجبات کی ادائیگی کے طریقہ کار کو طے کرے گی تاکہ باہمی اعتماد کو فروغ دیا جا سکے اور آئندہ کے لیے پائیدار اقتصادی تعاون کی بنیاد رکھی جا سکے۔مزید برآں، صحت، ٹرانسپورٹ، بندرگاہوں اور ہوائی اڈوں کے شعبوں میں بھی تعاون بڑھانے پر بات ہوئی جبکہ لیبیا نے انڈونیشیا کی تکنیکی مہارت سے فائدہ اٹھانے میں دلچسپی ظاہر کی۔

وزیراعظم الدبیبہ نے کہا کہ لیبیا بڑی ایشیائی اور اسلامی طاقتوں کے ساتھ شراکت داری کو وسعت دینے کا خواہاں ہے ۔ انہوں نے جلد طرابلس یا جکارتہ میں ایک مشترکہ اقتصادی فورم کے انعقاد کی تجویز بھی دی۔اس سے ایک روز قبل، انڈونیشیا کے نائب وزیر خارجہ نے لیبیا کی صدارتی کونسل کے صدر محمد المنفی سے ملاقات کے دوران لیبیا کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری قائم کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔