اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کی ضمانت منظور کر لی۔جمعرات کو ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کے خلاف پولیس کے ساتھ لڑائی جھگڑے اور احتجاج کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی اور فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ سنایا۔عدالت نے ایمان مزاری اور ہادی علی کی بعد از گرفتاری ضمانتیں 10، 10 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض منظور کر لیں۔
ایمان مزاری اور ہادی علی کی جانب سے ریاست علی آزاد نے دلائل میں کہاکہ یہ بے بنیاد مقدمہ بنایا گیا جو اچانک سامنے آ گیا، میں خود اس مقدمے میں ملزم ہوں مگر ہمیں معلوم ہی نہیں تھا کہ یہ ایف آئی آر درج ہے۔ریاست علی آزاد نے موقف اپنایا کیا کہ ایک من گھڑت اور بے بنیاد واقعے پر ایف آئی آر کاٹی گئی جس کا کوئی وجود نہیں ہے۔واضح رہے کہ ایمان مزاری اور ہادی علی کے خلاف تھانہ سیکریٹریٹ میں مقدمہ درج ہے۔









