اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما وسابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ عمران خان نے دو کمپنیاں بیرون ملک بنائیں اور کرپشن کی، لوٹ مار کرنے والے حکومتی بینچوں پر براجمان ہیں، بے نامی درخواستوں پر کیس بنائے جاتے ہیں، اب تک ایک الزام ثابت نہیں ہوسکا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ احتساب کا تماشا جاری ہے، چار ماہ ہو چکے، چیئرمین نیب ڈیلی ویجز پر چل رہا ہے، چیئرمین نیب بتائیں کونسی کرپشن سیاست دانوں نے کی ؟ جنہوں نے کرپشن کی وہ وفاقی کابینہ میں بیٹھے ہیں، ڈاکے مار رہے ہیں، عمران خان نے فارن بنک اکاونٹس چھپائے، گمنام افراد کی درخواستوں پر کیسز بنائے جاتے ہیں ۔ شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ لوگوں کو ہمارے خلاف ڈرایا گیا، گواہ نہ بننے پر وارنٹ گرفتاری بھی دکھائے گئے، فواد چودھری پہلے اہم شخصیت کا نام بتائیں ؟
وزیر اطلاعات ہے تو جرات کرے اور نام بتائے، ہم صادق سنجرانی سے دعا کرنے ان کے گھر گئے تھے، فواد چودھری نام لیکر بتائیں کس نے کس سے ملاقات کی، ملک میں فوری شفاف الیکشن کے علاوہ کوئی حل نہیں، ہاتھ اٹھے گا تو نمبر خود ہی پورے ہو جائیں گے۔