لاہور(رپورٹنگ آن لائن)لاہور ہائیکورٹ نے نجی میڈیکل کالجز کو طلبہ سے داخلے کے لیے اضافی فیس وصول کرنے سے روک دیا۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس خالد اسحاق نے رانا ندیم کی درخواست پر 2 صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامہ جاری کیا ۔عدالت نے نجی کالج کو درخواست گزار کی بیٹی سے داخلے کے لیے اضافی فیس وصول کرنے سے روک دیا۔
حکم نامے کے مطابق پی ایم ڈی سی کے نوٹیفکیشن کے تحت کوئی نجی کالج طلبہ سے 18 لاکھ روپے سے زائد فیس وصول نہیں کرے گا۔حکم نامے میں لکھا ہے کہ درخواست گزار کے مطابق نجی کالج اس کی بیٹی سے 27 لاکھ روپے فیس کا مطالبہ کر رہا ہے، درخواست گزار کے پاس نوٹیفکیشن کی خلاف ورزی پر داد رسی کے لیے پی ایم ڈی سی کا فورم موجود ہے، درخواست گزار تمام دستاویزات کے ساتھ پی ایم ڈی سی پیش ہو گا۔حکم نامے کے مطابق پی ایم ڈی سی درخواست پر 30 روز میں قانون کے مطابق فیصلہ کرے گی۔









