لاہور ہائی کورٹ 59

لاہور ہائیکورٹ،مجرم کو دوسرے ضلع کی جیل میں منتقل کرنا غیر قانونی قرار

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) لاہور ہائیکورٹ نے مجرم کو دوسرے ضلع کی جیل میں منتقل کرنے کو غیر قانونی قرار دے دیا۔عدالت نے مجرم کو ڈسٹرکٹ جیل میانوالی سے ڈسٹرکٹ جیل منڈی بہائوالدین منتقل کرنے کا حکم دے دیا۔جسٹس عبہر گل خان نے سزا یافتہ مجرم کی والدہ فاطمہ بی بی کی درخواست پر سماعت کی۔

درخواست گزار کی جانب سے ایڈووکیٹ عرفان محمود رانجھا نے دلائل دیئے ۔عدالت کے روبرو درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ بیٹے کو منشیات کے مقدمہ میں جنوری 2024ء میں ایڈیشنل سیشن جج منڈی بہائوالدین نے دس سال قید کی سزا سنائی،سزا سنائے جانے کے بعد مجرم کو ڈسٹرکٹ جیل منڈی بہائوالدین منتقل کر دیا گیا۔درخواست گزار کے بیٹے کو آٹھ ماہ بعد ڈسٹرکٹ جیل جہلم منتقل کیا گیا،

چھ ماہ بعد مجرم کو ڈسٹرکٹ جیل جہلم سے ڈسٹرکٹ جیل میانوالی منتقل کر دیا گیا، کسی قیدی کو دوسرے ڈسٹرکٹ کی جیل میں منتقل کرنا جیل رولز 197ء کی خلاف ورزی ہے۔جیل رولز کے مطابق کسی مجرم کو دوسرے ڈسٹرکٹ کی جیل میں منتقل نہیں کیا جا سکتا، دوسرے ڈسٹرکٹ کی جیل میں قید ہونے سے مجرم کی والدہ سے ملاقات مشکل ہو گئی ہے، نیلسن منڈیلا رولز کے تحت ہفتہ وار فیملی سے ملاقات ہونی چاہیے جو ممکن نہیں رہی۔

درخواست میں مزید کہا گیا کہ آئین کے آرٹیکل دس اے کے تحت مجرم سے مساوی سلوک کیا جانا ضروری ہے، عدالت مجرم کو ڈسٹرکٹ جیل میانوالی سے ڈسٹرکٹ جیل منڈی بہاالدین منتقل کرنے کا حکم دے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں