350

لاہور میں سرکاری گاڑیوں کی رپئیر کے نام پر خزانے کو کروڑوں کا نقصان۔اصل قیمت سے زیادہ مرمت پر خرچ کرڈالا

شہباز اکمل جندران۔۔۔

‘دھیلے دی بڈھی تے آنا سر منڈوائی’ کے مصداق میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور میں سرکاری گاڑیوں کی مرمت کے نام پر قومی خزانے کو سالانہ کروڑوں روپے کا نقصان پہنچائے جانے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔جبکہ بعض گاڑیوں کی اصل قیمت سے بھی زیادہ ان پر مرمت کا خرچ بیان کرکے مبینہ طور پر فنڈز ہڑپ کئے گئے ہیں۔
سرکاری گاڑیوں
زرائع کے مطابق میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور کے ڈائیریکٹر ورکشاپس کی 27 سال پرانی 1994 ماڈل ٹیوٹا کرولا گاڑیLOW 9595 کی مرمت پر سال 2018-19 میں 2 لاکھ 34 ہزار روپے جبکہ 2019-20 میں اس گاڑی کی مرمت پر 15 لاکھ 35 ہزار روپے خرچ کئے گئے۔حالانکہ مذکورہ ماڈل کی اچھی کنڈیشن کی گاڑی 10 لاکھ روپے تک میں مارکیٹ سے مل سکتی ہے۔

اسی طرح 30 سال پرانی سوزوکی مہران LOF 5376مارکیٹ میں 2 سے اڑھائی لاکھ روپے میں مل سکتی ہے تاہم میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور کے ورکشاپ ڈائریکٹوریٹ نے 2019-20میں گاڑی کی مرمت پر قریب 4 لاکھ روپے خرچ کردیئے ہیں۔

کمشنر لاہور کی2017 ماڈل کی ٹیوٹا فارچونر نمبر LEG-17-01 پر ایک سال کے دوران 3لاکج 34 ہزار روپے خرچ کئے گئے۔

کمشنر لاہور کی 2013 ماڈل کی ٹیوٹا کرولانمبرLEG-13-1106کی مرمت پرایک سال کے دوران 2 لاکھ 20 ہزار روپے خرچ کئے گئے۔

اسی طرح چیف میٹروپولیٹن کارپوریشن کی 11 سال پرانی 2010 ماڈل ٹیوٹا کرولا نمبر ND 523کی مرمت پر ایک سال کے دوران 5 لاکھ 63ہزار روپے خرچ کئے گئے۔

اسسٹنٹ ڈائیریکٹر آفس کی 37 سال پرانی 1984 ماڈل کی پوٹھوہار جیپ نمبر LHR 9714کی مرمت پر ایک سال کے دوران 2 لاکھ 16 ہزار روپے خرچ کئے گئے۔حالانکہ 37 برس پرانی پوٹھوہار جیپ کی اصل قیمت 2 لاکھ سے بھی کم ہوگی۔

جبکہ ڈی ایم او گلبرگ کی 24 سال پرانی 1997 ماڈل کی سوزوکی مہران نمبر LXO 6889کی مرمت پر 2 لاکھ 25ہزار روپے خرچ کئے گئے۔

سی سی او آفس کی 25 سال پرانی سوزوکی مارگلہ نمبر LOM 7780 کی مرمت پر ایک سال کے دوران 3 لاکھ 77 ہزار روپے خرچ ہوئے۔

اسی طرح اسسٹنٹ ڈائریکٹر آفس کی 24 سال پرانی پوٹھوہار جیپ نمبر LXM 3742کی مرمت پر ایک سال کے دوران 4 لاکھ 77ہزار روپے روپے خرچ کئے گئے۔جو اس جیپ کی اصل قیمت سے بھی کہیں زیادہ ہیں۔

اے ڈی ایم او آفس کی 33 سال پرانی 1988 ماڈل کی پوٹھوہار جیپ نمبر LHX 2136 کی ایک سال کی مرمت پر 5 لاکھ روپے خرچ کئے گئے۔

ایم او شالیمار زون کی 20 سال پرانی سوزوکی کلٹس نمبر LRG 450 کی مرمت پر 4 لاکھ روپے خرچ کئے گئے۔

2008 ماڈل کی پک اپ نمبر P-28کی مرمت پر 6 لاکھ روپے جبکہ اس ماڈل کی پک اپ نمبر P-55کی مرمت پر 4 لاکھ روپے خرچ کئے گئے۔

اسی طرح سوزوکی آلٹو نمبرLEG 2167 کی مرمت پر ایک سال کے دوران 3 لاکھ 85 ہزار روپے خرچ کئے گئے ۔

جبکہ کئی ٹرکوں، ڈمپرز، مزدا ٹرکوں، لوڈرز اور دیگر گاڑیوں پر بھی سالا نہ کروڑوں روپے کی ریپئیر بیان کی گئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں