لاہور (رپورٹنگ آن لائن )لاہور ہائیکورٹ میں آلودگی کے خلاف کارکردگی رپورٹ جمع کروا دی گئی ہے۔ لاہور ہائیکورٹ نے آلودگی کے خلاف درخواست پر کارکردگی رپورٹ طلب کی تھی۔
ہائیکورٹ میں جسٹس (ر)علی اکبر قریشی نے کارکردگی رپورٹ جمع کروائی۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 3 ہزار135بھٹوں کی انسپکشن کی گئی اور آلودگی پھیلانے والے بھٹوں کو1 کروڑ68 لاکھ روپے سے زائد کے جرمانے کیے گئے جبکہ جدید ٹیکنالوجی پر منتقل نہ کرنے پر224 بھٹوں کو سیل کردیا گیا۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ 325 بھٹہ مالکان کے خلاف مقدمات درج کیےگئے اور20 بھٹہ مالکان کو گرفتار کیا گیا۔14 ہزار8سو سے زائد گاڑیوں کی انسپکشن کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق دھواں چھوڑنے والی5 ہزار20 گاڑیوں کو وارننگ جاری کی گئی جب کہ ایسی گاڑیوں کے مالکان پر26 لاکھ روپےسےزائد کے جرمانے بھی عائد کئے گئے۔ رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ 1 ہزار749 فیکٹریوں کی چیکنگ کی گئی اور177 فیکٹریاں سیل کرکے مالکان کے خلاف مقدمات درج کیے گئے اور85 فیکٹری مالکان کو گرفتار کیا گیا۔









