سندھ ہائیکورٹ 53

لاپتا افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں پر محکمہ داخلہ، آئی جی سندھ و دیگر سے پیش رفت رپورٹس طلب

کراچی (رپورٹنگ آن لائن)سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ نے 17 لاپتا افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں پر محکمہ داخلہ، آئی جی سندھ و دیگر سے پیش رفت رپورٹس طلب کرلیں۔ درخواستگزار کے وکیل نے موقف دیا کہ شہری عبد الوحید، یوسف، صبغت اللہ، امجد جمشید کوارٹر اور دیگر علاقوں سے لاپتا ہیں۔

شمس اور سلمان جعفری شادمان ٹاون اور صدر کے علاقوں سے لاپتا ہیں۔ عدالت میں پولیس نے رپورٹ جمع کرائی کہ تھانہ درخشاں کے علاقے سے لاپتا جہانزیب گھر واپس آچکا ہے۔ نوید انور، شاہ ولی اللہ، عبد اللہ اور دیگر لاپتا افراد کی تلاش جاری ہے۔ پولیس رپورٹ میں کہا گیا کہ مختلف اداروں کو خطوط لکھے ہیں تفصیلی جواب جمع کرانے کے لیئے مہلت دی جائے۔

عدالت نے لاپتا افراد کا سراغ نہ لگانے پر تفتیشی افسران پر اظہار برہمی کیا اور استفسار کیا کہ پولیس کا بنیادی کام کیا ہے؟، عدالت نے حکم دیا کہ پولیس کے پاس شکایت آئے تو اس کا باریک بینی سے جائزہ لیا جائے اور گمشدہ افراد کے معاملے پر تحقیقات کو موثر بنایا جائے۔ عدالت نے محکمہ داخلہ، آئی جی سندھ و دیگر سے پیش رفت رپورٹس طلب کرلیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں