رانا ثنا اللہ

لانگ مارچ ہو گا اور عید قربا ں سے پہلے پی ٹی آئی کی قربانی کریں گے، رانا ثنا اللہ

لاہور (رپورٹنگ آ ن لائن) مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ لانگ مارچ منسوخ ہونے کی باتوں میں کوئی صداقت نہیں لانگ مارچ ہو گا اور قربانی کی عید سے پہلے حکومت کی قربانی کریں گے۔ ملک پر مسلط ٹولے سے قوم کو نجات دیں گے ۔عدالتوں سے انصاف تب ملے گا جب جج آزاد ہوں گے ،

ہفتہ کو لا ہور کی انسداد منشیات کی عدالت میں پیشی کے مو قع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ لانگ مارچ کا منسوخ ہونا غلط ہوا ہے ،عید کے بعد لانگ مارچ کریں گے اور قربانی کی عید سے پہلے ان کی قربانی کریں گے اور ملک پر مسلط ٹولے سے قوم کو نجات دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ غیر جمہوری اور غیر آئینی ٹولے کے خلاف جدوجہد جاری رہے گی جبکہ 9 جماعتوں نے تجویز دی ہے کہ پہلے قومی اسمبلی سے استعفے دیئے جائیں، خیال تھا پیپلز پارٹی سندھ حکومت کی وجہ سے استعفوں سے اجتناب کر رہی ہے اور پیپلز پارٹی پہلے بھی استعفوں کے حق میں نہیں تھی استعفوں پر اختلاف کو بیٹھ کر حل کریں گے ۔ایک سوال کے جواب میں رانا ثنائ اللہ کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کا اپنا ایک موقف ہے، پیپلز پارٹی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی میں گئی ہے، امید ہے کہ پیپلز پارٹی کے فیصلے کے بعد پی ڈی ایم دوبارہ سر جوڑ کر بیٹھے گی اور دوبارہ منظم ہو کر لانگ مارچ کا اعلان کرے گی ۔

انہوں نے کہا کہ ان عدالتوں سے انصاف تب ملے گا جب یہ آزاد ہوں، ججوں کی نگرانی کی جا رہی ہے، پی ٹی آئی نے اداروں پر حملہ کیا، یہ الیکشن کمیشن پر حملہ آور ہوئے، اس ماحول میں کوئی اور راستہ نہیں کہ اس غیر آئینی ٹولے کے خلاف جدوجہد کی جائے۔ لانگ مارچ ملتوی ہونے پر حکمرانوں کی خوشی دیکھ کر حیرانگی ہوئی، جب انہوں نے خوشی منائی تو لگ رہا تھا کہ ان کی نیند حرام ہو چکی تھی، ایسا لگتا تھا یہ کسی چھری کے نیچے تھے