وزیر خزانہ محمد اوررنگزیب

قومی خزانے پر بوجھ کم کرنے کا مشن، فیملی پنشن کی مدت 10 سال مقرر

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن ) قومی خزانے پر پنشن کا بڑھتا ہوا بوجھ کم کرنے کیلئے حکومت نے فیملی پنشن کی مدت 10 سال کر دی۔

وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق سپیشل فیملی پنشن کی مدت 25 سال اور قبل از وقت ریٹائرمنٹ پر جرمانہ ہو گا، وفاقی حکومت نے ریٹائرڈ ملازمین کی وفات کے بعد فیملی پنشن مدت 10 سال مقرر کی ہے۔ وزارت خزانہ کے مطابق وفات پانے والے ریٹائرڈ ملازم کا فیملی پنشن حقدار معزور بچہ تاحیات فیملی پنشن وصول کرے گا، رضاکارانہ ریٹائرمنٹ کیلئے 25 سال سروس لازمی ہو گی جبکہ قبل ازوقت ریٹائرمنٹ لینے والے ملازمین کی پنشن میں تین فیصد سالانہ سے کمی کردی جائے گی۔

نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ پنشنز میں ترامیم پے اینڈ پنشن کمیشن 2020 کی سفارشات پر کی گئی ہیں، آرمڈ فورسز اور سول آرمڈ فورسز کیلئے فیملی پنشن میں 50 فیصد تک اضافہ بھی کردیا گیا ہے، پنشنز میں کٹوتی 3 فیصد سے لیکر زیادہ سے زیادہ 20 فیصد کر دی گئی ہے۔