قومی اسمبلی اجلاس

قومی اسمبلی اجلاس، کورم پورا نہ ہونے پر خورشید شاہ برہم

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن ) وفاقی وزیر خورشید شاہ نے قومی اسمبلی اجلاس میں وزرا اور ارکان کی عدم موجودگی پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایوان میں ارکان کیوں نہیں آتے، جو آرہے ہیں ان کا کیا قصور؟ جو ارکان آئیں دو گھنٹے بیٹھے ہیں اور بے عزتی کرا کے چلے جائیں، بجٹ پر کوئی بولنے والا نہیں ہے، اچھا بجٹ ہونے کے باوجود ارکان کیوں تقاریر نہیں کر رہے؟ یہ طریقہ رہا تو ایوان میں ہم بھی نہیں آئیں گے، جب تک ارکان نہ آئیں کورم پورا ہونے تک کارروائی معطل کریں، خالی ایوان میں تقاریر کیوں ہوں۔

اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر خورشید شاہ نے کہا کہ آپ اگر کارروائی معطل نہیں کریں گے تو میں کورم کی نشاندھی کروں گا، ارکان جو نہیں آتے وہ انتخابات میں لوگوں کے سامنے ہاتھ جوڑنے میں خوش ہیں، وزیراعظم کو بھی ایوان میں بٹھائیں۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کوہم نے مذاق بنادیا، وزیرخزانہ کہاں ہے؟، ممبران ایوان میں آئیں توہاس چلائیں ورنہ سب گھرجائیں اور الیکشن کرائیں۔

خورشید شاہ کی دھمکی پر اسپیکر نے اجلاس کی کارروائی 30 منٹ کیلئے معطل کردی اور انہوں نے کہا کہ خورشید شاہ نے درست نکات اٹھائے ہیں، خورشید شاہ خود بھی وزیر ہیں اور وہ ایوان میں آتے ہیں، ارکان کو اس ایوان کو وقت دینا چاہیے۔