سرفراز بگٹی 53

قلات آپریشن میں دہشت گردوں سے بھاری اسلحہ کی برآمدگی سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں ،حکمت عملی کا واضح ثبوت ہے،وزیر اعلیٰ بلوچستان

کوئٹہ( رپورٹنگ آن لائن)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے قلات میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے امن و امان کے قیام کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا ہے .

سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اپنے ایک پیغام میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ قلات آپریشن کے دوران دہشت گردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد کی برآمدگی سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور مؤثر حکمت عملی کا واضح ثبوت ہے انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی اس بات کی غمازی کرتی ہے کہ ریاستی ادارے ہر سطح پر دہشت گردی کے خطرات سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں.

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بھارتی سرپرستی یافتہ دہشت گردی کے خلاف سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑے ہیں اور دشمن کے ہر ناپاک عزائم کو ناکام بنایا جا رہا ہے انہوں نے واضح کیا کہ عزمِ استحکام کے وڑن کے تحت بلوچستان میں امن دشمن عناصر کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک انسدادِ دہشت گردی کی مہم پوری قوت اور تسلسل کے ساتھ جاری رہے گی .

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان میں پائیدار امن، عوام کے تحفظ اور ترقی کے سفر کو یقینی بنانے کے لیے حکومت تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی وزیر اعلیٰ بلوچستان نے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جرات، قربانیوں اور پیشہ ورانہ خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پوری قوم ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں