عباس عراقچی 20

قطر نے ہمارے مؤقف سے امریکا کو آگاہ کر دیا، اب جواب کا انتظار ہے، عراقچی

تہران (رپورٹنگ آن لائن) ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے نیویارک سے تہران روانگی سے قبل کہا ہے کہ قطر کے ذریعے ایران کا سات نکاتی منصوبہ امریکہ تک پہنچا دیا گیا ہے اور اب ایران امریکی جواب کا انتظار کر رہا ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ قطری ثالث کے ذریعے ہونے والی بات چیت میں ایران کا مؤقف امریکا تک پہنچایا گیا، توقع ہے کہ وائٹ ہاؤس کا جواب منگل کو ثالثوں کے ذریعے ایران تک پہنچ جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا مشن امریکی فریق کو ان شرائط سے آگاہ کرنا اور دیگر تمام ممالک اور عالمی برادری کو یہ بتانا تھا کہ ایران کے پاس اس معاملے میں ایک منصوبہ موجود ہے، اس کی شرائط مکمل طور پر منصفانہ اور منطقی ہیں اور اگر امریکی یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ وہ کسی معاہدے یا پُرامن حل کے خواہاں ہیں تو ہم نے یہ حل پیش کر دیا ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ نے گزشتہ چند گھنٹوں کے دوران سامنے آنے والی ان قیاس آرائیوں کی بھی تردید کی جن میں کہا جا رہا تھا کہ ایران اپنے جوہری پروگرام میں لچک دکھانے پر آمادہ ہو گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چند گھنٹوں سے مختلف ذرائع ابلاغ میں پروپیگنڈا جاری ہے اور ایران سے متعلق دعوے کیے جا رہے ہیں اور باتیں منسوب کی جا رہی ہیں، میں واضح طور پر کہتا ہوں کہ ایران کے مؤقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ آبنائے ہرمز کھولنے کے لیے ہماری شرائط واضح ہیں۔

عباس عراقچی ایرانی صدر مسعود پزشکیان اور دیگر اعلیٰ سفارت کاروں کے ہمراہ اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک گئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ اس دورے کے نتائج سے ظاہر ہوا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران، امریکہ اور صہیونی حکومت کی جانب سے پیش کرنے کی کوشش کے برعکس، بالکل بھی تنہا نہیں بلکہ اسے بہت زیادہ احترام حاصل ہے۔

انہوں نے کہا کہ متعدد ملاقاتوں میں یہ بات سامنے آئی کہ ان ممالک کے عوام اور حکام ایران کے اقدامات اور دنیا کی سب سے بڑی ورچوئل فوج کے خلاف اس کی مزاحمت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، جس پر بہت سے مختلف ممالک اور لوگ فخر محسوس کرتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں